مرکزی ایجنسی کے ذریعہ بی جے پی کا ملک میں ’تغلقی راج‘ : ممتا

,

   

کسی کے پاس آزادی کا حق نہیں‘ ترنمول کانگریس ماں، ماٹی، مانش کی پارٹی، چیف منسٹر مغربی بنگال کا جلسہ عام سے خطاب

کولکاتا : چیف منسٹرمغربی بنگال ٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ترنمول کانگریس ماں، ماٹی، مانش کی پارٹی ہے۔ یہ بی جے پی کی پارٹی نہیں ہے۔ بی جے پی تو ملک میں ’تغلقی راج‘ چلا رہی ہے۔ مرکزی ایجنسی کے ذریعہ بی جے پی ’تغلقی واقعات‘ انجام دے رہی ہے۔ کسی کے بھی پاس آزادی کا حق نہیں ہے، بی جے پی نے سارے اختیارات ختم کر دیئے ہیں۔ اسٹاف سلیکشن کمیشن میں بے قاعدگیوں کے تنازعہ پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ممتا بنرجی نے مرکزی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا الزام عائد کیا اور کہاکہ اس کے ذریعہ وہ سیاسی فائدے حاصل کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سابقہ لیفٹ فرنٹ کی حکومت کے دوران بھی سرکاری تقررات میں کئی بے قاعدگیاں ہوئی ہیں جس کی تفصیلات کا وہ عنقریب انکشاف کریں گے۔ اُنھوں نے بی جے پی پر ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وہ چودھویں صدی کے مسلم حکمران تغلق کی طرح حکمرانی کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی مرکزی ایجنسیوں پر کنٹرول کررہی ہے اور اپنے مقصد کے لئے اُن کا استعمال کررہی ہے۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ تقررات میں بے قاعدگیوں سے متعلق بہت کچھ کہا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر کسی نے کوئی غلطی کی ہے تو اُس کے خلاف قانون اپنی کارروائی کرے گا لیکن اُس کے خلاف ذاتی مفادات کی مہم کو روکنا چاہئے۔ ممتا نے بتایا کہ لیفٹ فرنٹ کے دور میں کاغذ کے ایک ٹکڑے پر نام لکھ کر ملازمت دی جاتی تھی۔ ایسی بے قاعدگیوں کا وہ عنقریب انکشاف کریں گے۔ گورنمنٹ اسکول کے تقررات میں بے قاعدگیوں کے ضمن میں سی بی آئی نے چہارشنبہ کو مغربی بنگال کے منسٹر پارتھا چٹرجی سے تقریباً 3 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی۔ یہ مسئلہ ریاست میں ایک بڑے تنازعہ کی شکل اختیار کرگیا ہے۔ کلکتہ ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں پارتھا چٹرجی سی بی آئی کے روبرو پیش ہوئے۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ مرکزی حکومت اور مغربی بنگال کی ریاستی حکومت کی درمیان مختلف مسائل پر کشیدگی پائی جاتی ہے۔