حیدرآباد۔/23 جولائی، ( سیاست نیوز) سی پی آئی نے مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ سی پی آئی کے قومی عاملہ کے رکن چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے تلنگانہ کے ساتھ جانبدارانہ سلوک کیا ہے۔ آندھرا پردیش کیلئے کئی اعلانات کئے گئے لیکن تلنگانہ کو جان بوجھ کر نظرانداز کیا گیا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کا مجموعی قرض 7 لاکھ کروڑ ہے لیکن ریاست کیلئے ایک روپیہ بھی منظور نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے رائے دہندوں نے بی جے پی کو 8 نشستوں پر کامیابی دی ہے لیکن بی جے پی حکومت نے رائے دہندوں کو دھوکہ دیا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ آندھرا پردیش اور بہار کیلئے خصوصی پیاکیج کا اعلان کیا گیا جو دونوں ریاستوں کی ترقی میں مددگار ثابت ہوگا لیکن تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کا رویہ ناقابل قبول ہے۔ سی پی آئی قائد نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی نئی ریاست ہے اور مرکزی حکومت کو علاقہ کی ترقی میں تعاون کرنا چاہیئے تھا۔ ایک بھی پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام آنے والے دنوں میں بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔1