مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کو کیا ملا ، گدھے کا انڈا

   

حیدرآباد میں مرکزی مقامات پر کانگریس کے فلیکسی اور بیانرس عوام کی توجہ کا مرکز
حیدرآباد۔/24 جولائی ، ( سیاست نیوز) مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کے خلاف کانگریس پارٹی نے حیدرآباد کے اہم مقامات پر فلکسیز اور بیانرس آویزاں کئے جن پر تلنگانہ سے ناانصافیوں کا حوالہ دیتے ہوئے بجٹ میں گدھے کا انڈا دینے کا طنز کیا گیا۔ گدھے کی تصویر کے ساتھ یہ فلیکسی شہر میں جگہ جگہ لگائے گئے ہیں جس کے ذریعہ مرکز کی بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ فلیکسی میں لکھا گیا کہ تلنگانہ نے بی جے پی کو 8 ارکان پارلیمنٹ دیئے لیکن اس کے جواب میں مرکز کی بی جے پی حکومت نے 2024 بجٹ میں گدھے کا انڈا دیا ہے۔ حیدرآباد کے مرکزی مقامات پر بس اسٹاپ اور دیگر مراکز پر یہ پوسٹرس عوام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے مرکز کی جانب سے بجٹ میں ناانصافیوں کے خلاف ریاستی اور قومی سطح پر جدوجہد کا اعلان کیا ہے۔ فلیکسی پر لکھا گیا ہے کہ ’’ بی جے پی نے تلنگانہ کو کیا دیا، گدھے کا انڈا ‘‘۔ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو تلنگانہ سے 8 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی لیکن مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کو ایک روپیہ بھی نہیں ملا اور وزیر فینانس نرملا سیتا رامن نے اپنی مکمل بجٹ تقریر میں لفظ تلنگانہ ادا نہیں کیا۔ مرکزی بجٹ میں ناانصافی کا مسئلہ تلنگانہ عوام میں موضوع بحث بن چکا ہے۔ مرکز نے آندھرا پردیش کیلئے کئی اعلانات کئے جن میں امراوتی دارالحکومت کی ترقی کیلئے 15 ہزار کروڑ کا اہم اعلان شامل ہے۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل بھی کانگریس پارٹی نے مرکزی حکومت کے خلاف گدھے کا انڈا مہم چلائی تھی جو کافی مقبول ہوئی۔1