مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کے ساتھ انصاف رسانی پر زور، وزیر پونم پربھاکر کا بیان

   

حیدرآباد۔31جنوری(سیاست نیوز) مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کو نظرانداز نہ کیا جائے بلکہ ریاست کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ ریاستی وزیر مسٹر پونم پربھاکر نے یکم فروری کو پیش ہونے والے مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کو جائز حصہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مسلسل نمائندگیاں کرتے ہوئے مختلف پراجکٹس کومنظوری کے لئے روانہ کیاگیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی مرکزی حکومت کے پاس یہ پراجکٹس زیر التواء ہیں۔ انہو ںنے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمان سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاستی سے ہونے والی مسلسل ناانصافیوں کے متعلق آواز اٹھائیں اور تلنگانہ کے پراجکٹس کو منظوری یقینی بنائیں۔ مسٹر پونم پربھاکر نے بتایا کہ مرکزی حکومت بالخصوص وزیر اعظم نریندر مودی کو چاہئے کہ وہ تلنگانہ کا ملک کی ترقی میں حصہ دیکھتے ہوئے ریاست کو فراہم کئے جانے والے بجٹ اور منصوبوں کی منظوری کے سلسلہ میں فراخدلی کا مظاہرہ کریں ۔ انہو ںنے مرکزی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کو اپوزیشن کی حکومت والی ریاست کی نظر سے دیکھنے کے بجائے اگر ملک کی ترقی میں حصہ ادا کرنے والی ریاست کے طور پر دیکھتے ہوئے بجٹ میں مالیہ کی فراہمی کو یقینی بناتی ہے تو ایسی صورت میں تلنگانہ کے ساتھ انصاف ہوسکتا ہے۔ 3
وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پونم پربھاکر نے بتایا کہ مرکز کے پاس ریاستی حکومت کی جانب سے روانہ کی گئی تجاویز میں ائیر پورٹس کی تعمیر‘ میٹرو ریل کی توسیع ‘ ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر کے علاوہ دیگر پراجکٹس زیر التواء ہیں اور انہیں توقع ہے کہ مرکزی حکومت ان میں بیشتر پراجکٹس کو جاریہ بجٹ کے دوران منظوری فراہم کرتے ہوئے ریاست کی ترقی کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے گی۔ ریاستی حکومت نے جو منصوبہ جات تیار کئے ہیں وہ ریاست کی جامع ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے منصوبہ ہیں جن کی منظوری اور ان کے لئے بجٹ کی تخصیص تلنگانہ کو ترقی کی نئی منزلوں پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ مسٹر پونم پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 2اراکین پارلیمان کو مرکزی کابینہ میں شامل کیاگیا ہے ان وزراء کی ذمہ داری ہے کہ وہ تلنگانہ کی ترقی کے لئے مرکز کو خصوصی بجٹ کی اجرائی کے لئے آمادہ کریں تاکہ ریاست کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔3