سماجی شعبہ کیلئے راحت اور ٹیکس شرحوں میں کمی کی توقع، وزیر فینانس نرملا سیتارامن کا دوسرا بجٹ
نئی دہلی 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی بجٹ آج پیش کیا جائے گا۔ وزیر فینانس کی حیثیت سے نرملا سیتارامن کا ’’فیل گڈ‘‘ دوسرا بجٹ ہوگا۔ وزیراعظم نریندر مودی کو اِن 7 ماہ کے دوران یہ دوسرا موقع مل رہا ہے کہ وہ ہندوستان کے سالانہ بجٹ میں اپنی پالیسیوں کو ترجیح دینے کے ساتھ گرتی معیشت کو سنبھالنے کے اقدامات کریں۔ وزیر فینانس نرملا سیتارامن نے مالیاتی اقدامات کا احاطہ کیا ہے اور دیہی علاقوں میں سب سے زیادہ کام انجام دیئے جائیں گے۔ شخصی انکم ٹیکس میں کمی، دیہی زرعی شعبوں کے لئے مراعات اور راحت اقدامات کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر پر مصارف کو بڑھاوا دیا جائے گا۔ زائداز ایک دہے کے دوران بدترین معاشی سست روی کا سامنا کرتے ہوئے سیتارامن نے اپنے بجٹ کو اِس خطوط پر تیار کیا ہے تاکہ صارفین کے تقاضوں کو پورا کیا جاسکے۔ سیتارامن کا یہ دوسرا بجٹ ہوگا جو یکم فروری کو پیش کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ اِس بجٹ میں معاشی پیداوار کو بحال کرنے کے لئے کئی اقدامات کا اعلان کیا جائے گا اور 2025 ء تک ہندوستانی معیشت کو 5 ٹریلین امریکی ڈالر کے نشانے کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ کارپوریٹ ٹیکس میں کمی کے باوجود سرمایہ کاری کے حصول میں ناکامی ہوئی ہے۔ مودی حکومت نے دیگر کئی اقدامات کئے تھے خاص کر ایف ڈی آئی کے بہاؤ میں اضافہ کے اقدامات کئے گئے تھے۔ سرکاری ملکیت والے بینکوں میں بھی مالیاتی اُمور میں آسانی پیدا کی گئی تھی۔ گزشتہ سال ستمبر میں کارپوریٹ ٹیکس میں کمی کے بعد قیاس کیا جارہا تھا کہ شخصی انکم ٹیکس میں بھی امکانی طور پر کمی کی جائے گی۔ ذرائع نے کہاکہ اِس بجٹ کو ’’فیل گڈ‘‘ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور گرتی معیشت کو بہتر بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وزیراعظم کے کسان اسکیم برائے کسان کے تحت بجٹ میں خصوصی فنڈ مہیا کیا جائے گا۔ بجٹ کل صبح 11 بجے پیش کیا جائے گا۔
