حیدرآباد۔ مرکزی بجٹ میں عام آدمی کو نظرانداز کرنے اور مہنگائی میں اضافہ کے حق میں فیصلوں کے خلاف یوتھ کانگریس کی جانب سے احتجاج منظم کیا گیا۔ یوتھ کانگریس کے ریاستی صدر کے شیوا سینا ریڈی کی قیادت میں میڑچل ضلع میں یوتھ کانگریس کارکنوں نے مرکزی حکومت کا علامتی پتلہ نذرآتش کیا۔ احتجاجیوں نے الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت نے بجٹ میں عام آدمی کے مسائل کو نظرانداز کردیا ہے۔ ضلع یوتھ کانگریس کے صدر کے شراون کمار ریڈی، جنرل سکریٹری سنتوش اور دیگر قائدین نے احتجاج میں حصہ لیا۔ شیوا سینا ریڈی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مرکزی بجٹ کو مخالف عوام اور مخالف کسان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا گیا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے نتیجہ میں مہنگائی بڑھ سکتی ہے ۔