پارلیمنٹ بجٹ سیشن کا 29 جنوری سے آغاز ، دونوں ایوان سے صدر جمہوریہ خطاب کریں گے
نئی دہلی: مرکزی بجٹ کو پارلیمنٹ میں یکم فروری کو پیش کیا جائے گا ۔ صدر جمہوریہ رامناتھ کووند 29 جنوری کو لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے دونوں ایوان سے خطاب کریں گے۔ پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن دو مرحلوں میں منعقد کیا جائے گا۔پہلا مرحلہ 29 جنوری سے شروع ہوگا اور 15 فروری کو ختم ہوگا ۔ دوسرا مرحلہ 8 مارچ سے شروع ہوکر 8 اپریل تک چلے گا ۔ اس بات کا فیصلہ پارلیمانی امور کی کابینی کمیٹی نے کیا ہے۔ مرکز نے گزشتہ ماہ پارلیمنٹ کا سرمائی سیشن کورونا وائرس کے باعث منسوخ کردیا تھا۔ وزیر پارلیمانی امور پرلہاد جوشی نے کانگریس کے لوک سبھا لیڈر کو مکتوب لکھتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی پارٹیاں کووڈ کے پھیلاؤ سے روکنے کیلئے سرمائی سیشن منسوخ کرنے کے حق میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں نے مختلف سیاسی پارٹیوں کے قائد مقننہ سے رابطہ قائم کیا ہے جنہوں نے جاریہ وباء کے تعلق سے اپنی تشویش کا اظہار کیا تھا ۔ بجٹ سیشن کو جنوری 2021 میں منعقد کرنا مناسب ہوگا ۔ تاہم کانگریس نے کہا کہ اس سے پارلیمنٹ سیشن کے بارے میں کوئی مشاورت نہیں کی گئی ۔ مرکز نے سرمائی سیشن کو منسوخ کردیا تاکہ وہ جاریہ کسانوں کے احتجاج پر اپوزیشن کے سوالوں سے بچ سکیں۔ کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ میں کسانوں کے مسائل اٹھانا چاہتے ہیں اور اس مسئلہ کوحل کرنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ سال ستمبر میں لوک سبھا کے 17 اور راجیہ سبھا کے 8 ارکان کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا تھا ۔