کلکتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے منگل کے روز دعویٰ کیا کہ تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے مرکزی حکومت نے ماضی قریب میں 4 لاکھ کروڑ روپے کمائے ہیں اور مطالبہ کیا کہ اس رقم کو ریاستوں میں مساوی طور پر تقسیم کیا جائے۔ اسمبلی اجلاس کے دوران ممتا نے کہا کہ مرکزی حکومت نے حال ہی میں پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا مرکزی حکومت نے کھانا پکانے کی گیس، پٹرول اور ڈیزل پر لگائے گئے ٹیکس سے 4 لاکھ کروڑ روپے کمائے اب وہ (بی جے پی) ریاستوں سے VAT کی شرح کم کرنے کو کہہ رہے ہیں۔ ریاستوں کو پیسہ کہاں سے ملے گا انہوں نے کہا مرکز کو چاہیے کہ وہ 4 لاکھ کروڑ روپے ریاستوں میں برابر تقسیم کرے بنرجی نے کہا کہ تمام مالی بحران کے باوجود ریاستی حکومت طرح طرح کی سبسڈی دے رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی پر نشانہ لگاتے ہوئے، انہوں نے کہا جب انتخابات قریب ہوتے ہیں، تو وہ قیمتیں کم کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ انتخابات ختم ہونے کے بعد وہ پھر قیمت بڑھا دیتے ہیں۔ جو لوگ ہمیں تیل کی قیمتوں پر تقریریں کر رہے ہیں وہ پہلے جواب دیں کہ ریاستی حکومتوں کو پیسہ کہاں سے ملے گا۔