مرکزی حکومت خامنہ ای کی موت پر خاموشی کی وضاحت کرے :کانگریس

   

نئی دہلی، 13 مارچ (یو این آئی) کانگریس پارٹی نے کہا ہے کہ فضائی حادثے میں سابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی موت پر ریاستی سوگ کا اعلان کرنے والی مودی حکومت کو اب یہ بتانا چاہئے کہ وہ حملے میں مارے جانے والے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی موت پر خاموش کیوں ہے ۔ کانگریس کے میڈیا سیل کے انچارج جے رام رمیش نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایران کے آئینی سربراہ آیت اللہ خامنہ ای کو 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل نے قتل کر دیا، وزیر اعظم نریندر مودی خاموش ہیں، وزیر خارجہ ایس جے شنکر خاموش ہیں۔ پارلیمنٹ میں ابھی تک تعزیت کی تحریک بھی نہیں لائی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے خلیجی ممالک پر ایران کے حملوں کی بجا طور پر مذمت کی ہے لیکن ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ یہ بھی یاد رہے کہ ایران برکس کا حصہ ہے جس کی صدارت اس سال ہندوستان کے پاس ہے ۔ کانگریس کے رہنما نے نشاندہی کی کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی مئی 2024 میں پراسرار ہیلی کاپٹر حادثے میں انتقال کر گئے تھے۔