سری نگر،15فروری(یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ عوامی حکومت کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا اور جموں و کشمیر کی منتخب حکومت کو ہر سطح پر مکمل تعاون فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے گپکار میں اپنی رہائش گاہ پر اودھمپور سے آئے ہوئے پارٹی لیڈران اور عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک عوامی تحریک ہے ، جسے یہاں کے مزدوروں، کسانوں اور پسماندہ طبقات نے عظیم جانی و مالی قربانیوں سے پروان چڑھایا ہے ۔ اس موقع پر پینتھرس پارٹی اور بی جے پی سے تعلق رکھنے والے 27 عہدیداران، جن میں 17 خواتین بھی شامل تھیں، نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی۔ نئے شامل ہونے والوں کا پارٹی لیڈرشپ نے پھولوں کے ہار پہنا کر خیرمقدم کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے بینر تلے ہی جموں و کشمیر کے عوام کو آئینی و جمہوری حقوق، حق رائے دہی، مفت تعلیم اور زمینوں پر مالکانہ حقوق حاصل ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندہ حکومت ہی بہتر اور مؤثر انتظامیہ کی علامت ہوتی ہے۔