مرکزی حکومت سے تلنگانہ کو وصول طلب بقایات کی ادائیگی کے لیے نمائندگی

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی کی دہلی میں مرکزی وزراء سے ملاقات
حیدرآباد۔12۔ڈسمبر(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی نے آج اپنے دورۂ دہلی کے دوران مرکزی وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ریاست کو وصول طلب بقایاجات کی ادائیگی کے علاوہ دیگر ترقیاتی منصوبہ جات کے لئے خصوصی فنڈس کی اجرائی کے لئے درخواست حوالہ کی ۔ چیف منسٹر نے دہلی میں مرکزی وزراء مسٹر جی کشن ریڈی وزیر کوئلہ ‘ مسٹر دھرمیندر پردھان مرکزی وزیر تعلیم ‘ مسٹر نتن گڈکری مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یادداشتیں حوالہ کیں۔چیف منسٹر اے ریونت ریڈی جو کہ گذشتہ دو یوم سے جئے پورمیں مقیم تھے اور آج صبح وہ دہلی پہنچے ۔ دہلی پہنچنے کے بعد مسٹر اے ریونت ریڈی نے پارٹی کے سرکردہ قائدین سے ملاقات کے بعد مرکزی وزراء سے ملاقات کی اور انہیں تلنگانہ میں ترقیاتی منصوبوں پر عمل آوری کے سلسلہ میں دی گئی نمائندگیوں پر متوجہ کرواتے ہوئے ان مسائل کو حل کرنے کے علاوہ تلنگانہ کے فنڈس جو بقایا جات کے طور پر مرکز کی جانب سے اداشدنی ہے اس کی اجرائی کے لئے نمائندگی کی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے تینوں مرکزی وزراء سے کی گئی ملاقاتوں کے دوران متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں سے کی گئی نمائندگیوں کے متعلق واقف کروایا ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے مسٹر نتن گڈکری سے ملاقات کے دوران حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبہ کے متعلق واقف کروانے کے علاوہ ریجنل رنگ روڈ اور دیگر شاہراہوں کے کاموں کے ساتھ ساتھ ریجنل رنگ روڈ اور آؤٹر رنگ روڈ کو مربوط کرنے والی ریڈیئل روڈس کے متعلق نمائندگی کرتے ہوئے ان کی منظوری کی خواہش کی ۔ انہو ںنے مرکزی وزیر تعلیم مسٹر دھرمیندر پردھان سے ملاقات کے دوران تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی کے قیام کے علاوہ حکومت کی جانب سے قائم کئے جانے والے ینگ انڈیا انٹگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کے منصوبہ سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ کو تعلیمی اعتبار سے ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لئے متعدد اقدامات کر رہی ہے ۔ انہو ںنے مرکزی وزار ت تعلیم سے ریاستی حکومت کے منصوبوں میں مرکز کے تعاون کو یقینی بنانے کی خواہش کی جس پر مسٹر دھرمیندر پردھان نے مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی ان امور کا جائزہ لینے کے بعد اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ مرکزی وزیر مسٹر جی کشن ریڈی سے ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے ریاست کو اداشدنی مرکزی حکومت کے بقایا جات کی اجرائی کے سلسلہ میں مرکزی حکومت سے نمائندگی کی خواہش کی اور کہا کہ تلنگانہ کو معاشی اعتبار سے مستحکم بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ریاستی حکومت کو مرکز کے اداشدنی بقایا جات کی فی الفور ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ۔چیف منسٹر نے مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ سے ملاقات کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے روانہ کئے گئے میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کی تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کو منظوری فراہم کرنے کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے گوداوری سے حیدرآباد کو پانی کی سربراہی کے ذریعہ موسیٰ ندی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں مکمل منصوبہ تیار کیا جاچکا ہے اس میں مرکزی حکومت اپنا حصہ ادا کرتے ہوئے ریاست کی مدد کے لئے آگے آئے ۔ انہو ںنے مسٹر نتن گڈکری سے ملاقات کے دوران ریاستی حکومت کی جانب سے تیار کئے گئے موسیٰ ندی کے احیاء کردہ پراجکٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے اس میں بھی مرکزی حکومت کے تعاون کی درخواست پیش کی اور کہا کہ ریاستی حکومت اس پراجکٹ کے ذریعہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کے ساتھ شہری ترقیات کے منصوبہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے سیاحت کے فروغ کے اقدامات کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہو ںنے حیدرآباد ۔ وجئے واڑہ شاہراہ کے علاوہ حیدرآباد ۔ ورنگل ۔ ہنمکنڈہ شاہراہ کے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں بھی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے اگر ریاست کی مدد کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں ان کاموں کو جلد مکمل کیا جاسکے گا۔ مرکزی وزیر کوئلہ مسٹر جی کشن ریڈی سے ملاقات کے دوران چیف منسٹر نے تلنگانہ کے مختلف پراجکٹس کے لئے مرکزی حکومت سے 1لاکھ 57ہزار کروڑ کی اجرائی کے لئے نمائندگی پر زور دیا اور کہا کہ ریاست تلنگانہ کو تیز رفتار ترقی دینے کے لئے مرکز کی امداد ضروری ہے۔ انہو ںنے مرکزی وزیر تعلیم مسٹر دھرمیندر پردھان سے ملاقات کے دوران کہا کہ تلنگانہ میں مرکزی حکومت کے تعلیمی ادارہ جات کے قیام کے سلسلہ میں فوری طور پر اقدامات ضروری ہیں تاکہ تلنگانہ کے عوام کو بھی مرکزی حکومت کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع حاصل ہوسکے ۔ چیف منسٹر نے دہلی میں قیام کے دوران مرکزی وزراء سے ملاقات کے علاوہ پارٹی کے سرکردہ قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تلنگانہ کی صورتحال اور ایک سالہ جشن کے متعلق واقف کروایا ۔3