مرکزی حکومت سے ملک گیر سطح پر 157 نئے میڈیکل کالجس منظور

   


ریاست تلنگانہ نظرانداز، پڑوسی ریاست آندھراپردیش کو تین کالجس کی منظوری

حیدرآباد : مرکزی حکومت نے ملک بھر میں 157 نئے میڈیکل کالجس قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔ تاہم اس معاملے میں ریاست تلنگانہ کو یکسر نظرانداز کردیا گیا ہے جبکہ تلنگانہ حکومت نے جاریہ سال 7 نئے میڈیکل کالجس قائم کرنے کی مرکزی حکومت کو تجاویز روانہ کی تھی۔ جن اضلاع میں میڈیکل کالجس نہیں ہیں وہاں 157 نئے میڈیکل کالجس قائم کرنے کا مرکزی حکومت کے محکمہ نے اعلان کیا ہے۔ سنٹرل اسپانسرڈ اسکیم کے تحت انہیں کالجس قائم کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ ضلع کے دواخانہ کو اپ گریڈ کرتے ہوئے نئے میڈیکل کالج قائم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ ملک کے تقریباً ریاستوں میں نئے میڈیکل کالجس قائم کرنے کی منظوری دی گئی لیکن اس فہرست میں تلنگانہ کو شامل نہیں کیا گیا۔ پارلیمنٹ میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق جملہ 157 میڈیکل کالجس تین مرحلوں میں قائم کئے جائیں گے۔ سب سے زیادہ ریاست راجستھان میں 23، اپرپردیش میں 27، ٹاملناڈو میں 11، مدھیہ پردیش میں 14، مغربی بنگال میں 10 میڈیکل کالجس قائم کرنے کو منظوری دی گئی ہے۔ ان میڈیکل کالجس کے قیام 24,370 کروڑ روپئے خرچ کئے جائیں گے جس میں 15,499 روپئے مرکزی حکومت ادا کرے گی۔ تلنگانہ حکومت نے عوام کو معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے 7 اضلاع کی نشاندہی کرتے ہوئے ان اضلاع کیلئے میڈیکل کالجس منظور کرنے کی مرکزی حکومت کو تجاویز روانہ کی تھی لیکن پڑوسی ریاست آندھراپردیش کو تین نئے میڈیکل کالجس منظور کئے گئے ہیں۔