عوام کو تقسیم کرنے والی طاقتوں کے خلاف ہماری جدوجہد جاری ۔ سب شامل ہوجائیں
وائیناڈ : کانگریس کی جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے آج الزام لگایا کہ مرکزی حکومت عوام کے حقوق کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور ان سے آئین کے بنیادی اقدار اور ملک کے بہتر مستقبل کیلئے متحد جدوجہد کی اپیل کی۔ پرینکا حال میں ضمنی انتخابات میں پارلیمنٹ کیلئے منتخب کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کرنے کیرالا آئی تھیں۔ مننتھوڈی گاندھی پارک میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں بھاری اکثریت سے رکن پارلیمنٹ منتخب کیا۔انہوں نے کہا کہ مجھے آپ کی حمایت پر فخر ہے اور میں اس بڑی جیت کو یو ڈی ایف کارکنوں اور وائیناڈ کے ووٹروں کے نام کرتی ہوں۔انہوں نے حلقہ کے عوام کو یقین دلایا کہ وہ ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہیں گی، پارلیمنٹ میں ان کے بہتر مستقبل کیلئے ان کی آواز بنیں گی اور انہیں کبھی مایوس نہیں ہونے دیں گی۔ انہوں نے اکثر وائیناڈ کا دورہ کرنے ، تمام لوگوں سے ملنے ، ان کیلئے جدوجہد کرنے اور ان کے مسائل کو جلد حل کرنے حکومت کے سامنے رکھنے کا بھی وعدہ کیا۔ پرینکا نے کہا کہ ہم ان طاقتوں کے خلاف لڑ رہے ہیں جو لوگوں کو تقسیم کرنے اور لوگوں کے حقوق کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بی جے پی کی مرکزی حکومت کے خلاف لڑنے اپوزیشن کے ساتھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پہلا کام ملیالم سیکھنا تھا۔ مسز واڈرا نے پارلیمنٹ میں حلف لینے کے بعد اپنے پہلے دورہ پر سلطان باتھری اور کلپٹہ میں روڈ شو اور عوامی میٹنگیں کیں اور ملاپورم اور کوزی کوڈ کے چاروں حلقوں کا دورہ کرکے لوگوں سے ملاقات کی۔