حیدرآباد۔ 4 مئی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے پسماندہ طبقات کی فہرست میں مسلمانوں کو شامل کرتے ہوئے بی سی طبقات کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مرکزی حکومت کسی بھی صورت میں مسلمانوں کو بی سی طبقات کی فہرست میں شامل نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے ذات پات پر مبنی مردم شماری دستور کے مطابق انجام دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ نے واضح کردیا کہ مرکز کی بنیاد پر تحفظات دستور قواعد کے برخلاف ہیں۔ اگر ریاستی حکومت دستور کی خلاف ورزی کرنا چاہے تو یہ اس کی مرضی ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت ایسے کسی بھی بل کو منظوری نہیں دے گی جس میں مسلمانوں کو پسماندہ طبقات کی فہرست میں شامل کیا گیا ہو۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مرکز نے اس طرح کے ایک بھی بل کو منظوری نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے برائے نام طور پر طبقاتی سروے کیا جو ذات پات پر مبنی حقیقی مردم شماری نہیں ہے۔ 1
مرکزی حکومت نے ذات پات پر مبنی مردم شماری کا فیصلہ کیا ہے جو عام مردم شماری کے ساتھ انجام دیا جائے گا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی نے کبھی بھی طبقاتی مردم شماری کی مخالفت نہیں کی بلکہ مسلمانوں کو بی سی لسٹ میں شامل کرنے کی مخالفت کی ہے۔ بی جے پی نے اسمبلی اور اس کے باہر طبقاتی سروے کی تائید کی۔ 1