مرکزی حکومت وعدوں کی تکمیل میں ناکام : ممتا

   

فلکاٹہ ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج مرکزی حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس نے ریاست کے شمالی اضلاع کیلئے کچھ نہیں کیا ہے حالانکہ اس علاقہ سے بی جے پی کے کئی ارکان پارلیمنٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر الیکشن سے قبل بی جے پی قائدین شمالی بنگال میں ناکارہ چائے کے باغات کا احیاء عمل میں لانے کا وعدہ کرتے ہیں لیکن فرار ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ علاقہ کے سات چائے کے باغات کو بحال کیا جائیگا تاہم ایک بھی باغ کو اب تک کام کے قابل نہیں بنایا گیا ہے ۔ شمالی بنگال سے بی جے پی کے کئی ارکان پارلیمنٹ ہیں لیکن انہوں نے علاقہ کیلئے کچھ بھی نہیں کیا ہے ۔ چیف منسٹر یہاں اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے چائے کے باغات کے کئی ورکرس کو اراضی پٹے بھی حوالے کئے ۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کی حکومت عوام کیلئے ہے ‘ کسانوں کیلئے ہے ‘ پسماندہ قبائل کیلئے ہے ۔ ہم مخالف عوام یا مخالف کسان کوئی کام نہیں کرینگے ۔