مرکزی حکومت پارلیمنٹ میں متعارف برقی بل سے دستبردار ہوجائے

   

تلنگانہ میں عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا ہوگا : ہریش راؤ
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے مرکز پر زور دیا کہ وہ پارلیمنٹ میں متعارف کردہ برقی بل سے فوری دستبرداری اختیار کرلیں ۔ بصورت دیگر تلنگانہ میں بی جے پی کو عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ ضلع سدی پیٹ کے دولت آباد منڈل کے موضع ماچن پلی میں 1.60 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کردہ 33/11 کیلو واٹ برقی سب اسٹیشن کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کسانوں کو ایک روپیہ خرچ کرائے بغیر 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کررہی ہے ۔ مودی حکومت کسانوں کی باولیوں کے موٹرس کو میٹر لگانا چاہتی ہے ۔ دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب میں بی جے پی کو عوام سے ووٹ مانگنا ہے تو وہ پہلے پارلیمنٹ میں متعارف برقی بل سے دستبرداری اختیار کرلیں ۔ دولت آباد علاقہ کے کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے آنجہانی رکن اسمبلی رام لنگا ریڈی نے کئی کام کیے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر کسانوں کے دوست ہیں انہوں نے کسانوں کے لیے ریتو بندھو اسکیم ، ریتو بیمہ کے علاوہ کسانوں کے فلاح و بہبود کے لیے کئی اسکیمات کو متعارف کرایا ۔ صرف 20 ہزار بیڑی مزدوروں کو اسمبلی حلقہ دوباک میں بیڑی مزدوری بھتہ دیا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی 56 ہزار 906 افراد آسرا وظیفہ دیا جارہا ہے ۔ بدعنوانیوں سے پاک ، نیا ریونیو قانون بنایا گیا ہے ۔ جس سے کے سی آر کسانوں سے مزید قریب ہوگئے ہیں ۔ بعد ازاں ہریش راؤ نے دولت آباد منڈل کے ملیشم پلی گاؤں میں 1.10 کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کئے جانے والے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیرات کے لیے سنگ بنیاد بھی رکھا ۔۔