مرکزی حکومت پر نفرت کا ماحول پیدا کرنے کا الزام

   

نظام آباد میں خواتین کے احتجاجی کیمپ سے سی آئی ٹی یو لیڈرس کا خطاب

نظام آباد :27؍ فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہریت ترمیمی قانون کے خلاف شاہین باغ دہلی کی طرز پر نظام آباد میں شروع کردہ شاہین باغ کا احتجاج آج پانچویں دن میں داخل ہوگیا ہے ۔ پانچویں دن بھی سینکڑوں خواتین ، معمر خواتین کی جانب سے شاہین باغ کے احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے حکومت کے خلاف اپنا احتجاج درج کرارہی ہے ۔شاہین باغ کے احتجاج کی کل رات اظہار یگانگت کرتے ہوئے سی آئی ٹی یو کی نورجہاں ، آیدوا کی سنبھانی لتا احتجاجی کیمپ پہنچ کر خواتین سے اظہار یگانگت کیا اور کہا کہ مرکزی بی جے پی حکومت جان بوجھ کر ملک گیر سطح پر نفرت کا ماحول پیدا کررہی ہے اور مذہب کے نام پر بلوں کو متعارف کرتے ہوئے عوام کے درمیان اختلافات پیدا کررہی ہے ۔ ان قائدین نے کہا کہ مرکزی حکومت سیاہ قانو ن کے نافذ کے بعد ملک گیر سطح پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور اس قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ اس کے باوجود بھی حکومت خاموش تماشائی ہے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی تہذیب گنگا جمنی تہذیب ہے لیکن گذشتہ چند سالوں سے نریندر مودی کی حکومت ملک میں نفرت کا ماحول پیدا کررہی ہے انہوں نے کہا کہ نظام آباد کی خواتین کی جانب سے شروع کردہ اقدام قابل ستائش ہے اور ان کے جذبہ کی ستائش کی اور کہا کہ سی آئی ٹی یو اور آیدوا کی جانب سے نظام آباد کی خواتین کی مکمل تائید کی جائے گی ۔ بھوجن لفٹ صدر ڈنڈی وینکٹی نے احتجاجی کیمپ پہنچ کر اظہار یگانگت کیا اور بی جے پی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاہ قانون سے فوری دستبرداری کیا جائے اس قانون کے نافذ کے بعد ملک گیر سطح پر فضاء مکدر ہوگئی ہے اور ملک گیر سطح پر جو واقعات ہورہے ہیں اس کی ذمہ دار مرکزی حکومت ہے ۔ نظام آباد شاہین باغ کے پانچویں دن کے احتجاج کے دن آج مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ سینئر سٹیزن ویلفیر سوسائٹی نظام آباد کے صدر ایم اے شکور، محمد فیاض و دیگر سوسائٹی کے اراکین نے شرکت کی اور کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے جو سیاہ قانون نافذ کیا گیا ہے اسے کسی بھی صورت میں قبول نہیں کیا جائیگا ۔ ایم اے شکور نے کہا کہ دہلی شاہین باغ کی خواتین کی جانب سے گذشتہ ڈھائی ماہ سے احتجاج چلایا جارہا ہے اور دہلی کے انتخابات میں شاہین باغ ایک انتخابی موزوں بنا ہوا تھا اور بی جے پی حکومت کو دہلی انتخابات میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور سیکولر طاقتوں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے نظام آباد کی خواتین کے جذبہ کی بھی ستائش کی اور سینئر سٹیزن ویلفیر سوسائٹی کی جانب سے مکمل تائید کا اعلان کیا ۔ آج پانچویں دن احتجاجی کیمپ میں نفل روزہ رکھنے والے کیلئے افطار و طعام کا اہتمام کیا گیا اور افطار سے قبل دعا کا اہتمام کیا گیا۔