مرکزی حکومت پر کارپوریٹ کمپنیوں کی چاپلوسی کرنے کا الزام

   

غیرجمہوری اقدامات پر اے پی حکومت خاموش تماشائی، کے راما کرشنا کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) آندھراپردیش ریاستی سی پی آئی کمیٹی جنرل سکریٹری مسٹر کے راما کرشنا نے مرکزی حکومت کو ہدف ملامت بنایا اور کہا کہ محض کارپوریٹ کمپنیوں کی چاپلوسی کرنے اور ان سے اپنے بعض مفادات کے حصول کیلئے ہی بینکوں کو ایک دوسروں میں ضم کرنے کے اقدامات کئے جانے کی نہ صرف سخت مذمت کی بلکہ ریاستی و مرکزی حکومتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا کیوں مرکزی حکومت کے انتہائی غیرجمہوری اقدامات کے خلاف ریاستی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی زیرقیادت آندھراپردیش حکومت نے کم از کم لب کشائی تک نہیں کی۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کے راما کرشنا نے کہا کہ آندھرا بینک جوکہ ملک بھر میں کافی ترقی پاچکا ہے اب اس کی بے مثال ترقی کے بعد اس بینک کو دیگر بینکوں میں ضم کردینا غلط اور ظالمانہ و بدبختانہ اقدام کے سواء اور کچھ نہیں ہے۔ ریاستی سکریٹری سی پی آئی آندھراپردیش نے مرکزی حکومت سے دریافت کیا کہ آیا مہاراشٹرا کے بینکوں کو ایک دوسرے میں کیوں ضم نہیں کیا جارہا ہے۔ مسٹر کے راما کرشنا نے سخت الفاظ میں کہا کہ آندھرا بینک کو دیگر بینکوں میں ضم کرنے کے خلاف جاریہ ماہ 28 ستمبر کو وجئے واڑہ میں بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرام منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مسٹر راما کرشنا نے مزید بتایا کہ 96 سالہ تاریخ کے حامل آندھرا بینک کو یونین بینک میں ضم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ انڈین اوورسیس بینک، یوکوبینک، بینک آف مہاراشٹرا، پنجاب سندھ بینک جوں کے توں برقرار رکھے جائیں گے۔ راماکرشنا نے مزید کہا کہ آندھرا بینک کو دیگر بینکوں کے ساتھ ضم کرنے کی کوششوں کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنا اور احتجاج منظم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ احتجاجی دھرنا پروگرام وجئے واڑہ کے اہم مقام پر منظم کیا جائے گا۔