مرکزی حکومت چند ارب پتیوں کیلئے کام کر رہی ہے: راہول گاندھی

,

   

اڈانی کی بندرگاہ پر ہزاروں کیلو گرام منشیات کی ضبطی کے باوجود مودی کی خاموشی ۔ ہریانہ میں ملازمتوں کا فقدان

چندی گڑھ: کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے مرکزی حکومت پر آئین پر حملہ اور غریبوں اور دلتوں کو نظر انداز کرکے ملک کے کچھ ارب پتیوں کیلئے کام کرنے کا الزام لگایا۔.راہول گاندھی ہریانہ انتخابات سے قبل سونی پت میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔.قائد اپوزیشن نے وزیر اعظم مودی پر الزام لگایا کہ ان کی حکومت صرف کچھ بڑے صنعت کاروں کے مفادات کیلئے کام کر رہی ہے اور غریبوں، دلتوں، کسانوں اور نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں کیا ہے۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ مرکزی اور ہریانہ حکومت دو سے تین ارب پتیوں کی مدد کیلئے انتخاب لڑ رہی ہے۔آپ کے پاس ملازمت کے جو راستے تھے، وہ بند کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے چھوٹے اور اوسط کاروبار ہریانہ میں روزگار پیدا کرتے تھے لیکن اب وہ رک گئے ہیں۔ گاندھی نے الزام لگایا کہ اگنی ویر اسکیم فوجیوں کی پنشن، کینٹین کی سہولیات اور انہیں ملنے والی شہید کی حیثیت کو چوری کرنے کا طریقہ ہے۔ .انہوں نے کہا کہ پہلے پبلک سیکٹر اور سرکاری فیکٹریاں ہوتی تھیں، ان کی نجکاری کی جاتی تھی۔ گاندھی نے کہا کہ آپ جہاں بھی دیکھیں صرف اڈانی اور امبانی کے نام نظر آتے ہیں ۔ گاندھی نے الزام لگایا کہ فوجیوں کی پنشن چرانے کے پیچھے مقصد دفاعی بجٹ گوتم اڈانی کے حوالے کرنا تھا۔ راہول نے الزام لگایا کہ اڈانی کی ملکیت والی کمپنی غیر ملکی کمپنیوں کے تیار کردہ ہتھیاروں پر اپنا لیبل لگا رہی ہے۔ گاندھی نے کہا کہ مودی اڈانی کو دفاعی ٹھیکہ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ہریانہ میں منشیات کا مسئلہ بھی اٹھایا اور اڈانی کے زیر کنٹرول گجرات بندرگاہ پر متعدد منشیات کی ضبطی کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ جب آپ کے دوست اڈانی کی موندرا بندرگاہ سے ہزاروں کلو گرام ہیروئن پکڑی گئی تو آپ نے کیا کیا۔ آپ نے اس کیلئے کتنے لوگوں کو جیل بھیجا۔گاندھی نے کہا کہ ہریانہ میں کافی ملازمتیں نہ ہونے سے ریاست کے نوجوان بیرون ملک جانے غیر قانونی ذرائع کا سہارا لے رہے ہیں۔ آئین کی نقل دکھاتے ہوئے گاندھی نے کہا کہ غریبوں، دلتوں، کسانوں اور پسماندہ طبقات کے پاس جو کچھ ہے وہ اس کی وجہ سے ہے۔ جب آر ایس ایس اپنے لوگوں کو ملک کے اداروں میں رکھتا ہے اور دلتوں، پسماندہ طبقات، قبائلیوں اور غریبوں کو کوئی جگہ نہیں دیتا تو وہ آئین پر حملہ کر رہے ہیں۔