مرکزی حکومت کسان دشمن ، کارپوریٹ دوست : کویتا

   

حیدرآباد ۔ 14 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ راشٹرا سمیتی ایم ایل سی ، کے کویتا نے مرکز کی بی جے پی حکومت کو کسان دشمن اور کارپوریٹ دوست قرار دیا ۔ سلسلہ وار ٹوئیٹس میں انہوں نے دھان کی خریدی کے مسئلہ پر مرکزی حکومت کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ہم نے دہلی میں دھرنا منظم کیا لیکن کارپوریٹ اداروں کی دوست اور مخالف کسان حکومت نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی ۔ کویتا نے کہا کہ تلنگانہ میں ہندوستان کے 40 فیصد دھان کی پیداوار ہوتی ہے اور 61 لاکھ سے زائد کسان دھان کی کاشت کے کام میں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی مدد کرنا مرکزی حکومت کا فرض ہے ۔ تاہم دھان کی خریدی سے انکار کرتے ہوئے مرکز نے یہ صاف ظاہر کردیا ہے کہ وہ کسان دشمن ہے ۔ رکن کونسل کویتا نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دھان کی خریدی کیلئے قدم اٹھایا ہے کیوں کہ مرکز نے خریدی سے انکار کردیا ہے ۔۔

بی جے پی اور کانگریس دونوں نے تلنگانہ کا چھتیس گڑھ سے تقابل کرنے کی کوشش کی جہاں 3.5 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار ہوتی ہے جب کہ تلنگانہ میں یہ پیداوار 80 لاکھ میٹرک ٹن ہوتی ہے ۔ یہ نہ صرف سیب کا تقابل سنتروں سے کرنا جیسا ہے بلکہ اس سے ان کی لاپرواہی اور تغافل بھی آشکار ہوتا ہے ۔۔