چیف منسٹر کی زبان عہدہ کے مطابق نہیں، معاشی پیاکیج سے ریاستوں کو فائدہ
حیدرآباد 19 مئی (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیرداخلہ جی کشن ریڈی نے مرکز کے معاشی پیاکیج کے بارے میں چیف منسٹر کے سی آر کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہاکہ مرکز اور وزیراعظم کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔ کے سی آر کیلئے اِس طرح کی زبان کا استعمال مناسب نہیں۔ اُنھیں آئندہ احتیاط کرنی چاہئے۔ کشن ریڈی نے کہاکہ کے سی آر نے مرکزی حکومت کے بارے میں انتہائی قابل اعتراض زبان استعمال کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ سارا ملک ہے۔ نیویارک ٹائمس کے بشمول 50 بین الاقوامی اخبارات نے کوویڈ ۔ 19 سے نمٹنے کے لئے نریندر مودی کی ستائش کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسے اخبارات جن کا کوئی اتہ پتہ نہیں اگر وہ وزیراعظم پر تنقید کرتے ہیں تو اُس کا سہارا لے کر بیان دینا کے سی آر کے عہدہ کے مطابق نہیں۔ ایسے وقت جبکہ ملک بحران سے گزر رہا ہے، ووٹ بینک سیاست کرنا ٹھیک نہیں۔ اُنھوں نے سوال کیاکہ 20 لاکھ کروڑ کے مرکزی پیاکیج سے کیا تلنگانہ عوام کو فائدہ نہیں ہوگا؟ اُنھوں نے مرکزی پیاکیج کو عوام کے حق میں قرار دیا اور کہاکہ آج تک کسی بھی حکومت نے اِس طرح کے پیاکیج کا اعلان نہیں کیا ہے۔ تلنگانہ کے بشمول ملک کے کئی علاقوں میں روزگار کے حصول کے لئے مائیگرنٹ ورکرس نقل مقام کررہے ہیں۔ مائیگرنٹ ورکرس کا مسئلہ اچانک پیدا نہیں ہوا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ نے فصلوں کے سلسلہ میں کسانوں پر جو پابندیاں عائد کی ہیں، مرکز نے اُس کی مخالفت نہیں کی لیکن افسوس کہ مرکز کے امدادی پیاکیج کی کے سی آر مخالفت کررہے ہیں۔ کشن ریڈی نے کہاکہ 80 کروڑ غریبوں کو مرکز کی جانب سے 5 کیلو چاول سربراہ کیا گیا۔ کسانوں اور غریب خواتین کے بینک کھاتوں میں نقد رقم جمع کی گئی۔ مرکز نے ضمانت روزگار اسکیم کے بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے دیہی علاقوں میں مائیگرنٹ ورکرس کو روزگار کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ضمانت روزگار اسکیم کے نتیجہ میں تلنگانہ کے دیہی علاقوں کو فائدہ ہوگا۔ کشن ریڈی نے کہاکہ جس وقت کے سی آر مرکزی وزارت میں تھے کبھی بھی ریاستوں کی حصہ داری کے بارے میں آواز نہیں اُٹھائی۔ ون نیشن ون گریڈ کے تحت ملک بھر کے لئے پیاکیج کا اعلان کیا گیا ہے۔