مرکزی حکومت کی اسکالرشپ کیلئے آن لائین درخواستوں کی طلبی

   

استفادہ کرنے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم کی اپیل

حیدرآباد۔6 ۔ اگست (سیاست نیوز) تعلیمی سال 2019-20 ء کے لئے مرکزی حکومت کی اسکالرشپ کے سلسلہ میں اقلیتی امیدواروں سے آن لائین درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم آئی پی ایس نے بتایا کہ پہلی تا دسویں جماعت تک تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو پری میٹرک اسکالرشپ دی جائے گی جبکہ گیارھویں جماعت تا پی ایچ ڈی بشمول آئی ٹی آئی اور آئی ٹی سی کورسس کے طلبہ کو پوسٹ میٹرک اسکالرشپ دی جائے گی ۔ انڈر گریجویٹ ، پوسٹ گریجویٹ اور پروفیشنل کورسس کے طلبہ میرٹ کم مینس اسکالرشپ حاصل کرسکتے ہیں ۔ پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس اسکالرشپ کے ادخال کے لئے عہدیدار مجاز کی جانب سے جاری کردہ انکم سرٹیفکٹس لازمی رہے گا جبکہ پری میٹرک اسکالرشپ کیلئے سیلف ڈکلیریشن داخل کرنا ہوگا۔ تینوں اسکیمات کے لئے صرف آن لائین درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ تمام اہل امیدوار نیشنل اسکالرشپ پورٹل (این ایس پی) حکومت ہند پر آن لائین درخواست داخل کرسکتے ہیں ۔ www.scholarship.gov.in پر درخواست داخل کی جاسکتی ہے ۔ شاہنواز قاسم نے بتایا کہ پری میٹرک اسکالرشپ کیلئے آن لائین رجسٹریشن کی آخری تاریخ 15 اکتوبر مقرر کی گئی ہے جبکہ 31 اکتوبر تک ویریفکیشن کیا جاسکتا ہے۔ پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینس کے لئے 31 اکتوبر تک آن لائین درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں جبکہ 15 نومبر تک ویریفکیشن مکمل کیا جائے گا۔ امیدواروں کو تمام ضروری دستاویزات اسکیان کرتے ہوئے اپ لوڈ کرنا ہوگا۔