مرکزی حکومت کی اسکیم اڑان کے تحت اسپائس جیٹ کا بین الاقوامی سفر

   

حیدرآباد ۔ کولمبو ۔ حیدرآباد راست پرواز کا آئندہ ماہ آغاز ، اندرون ملک بھی عنقریب خدمات
حیدرآباد۔6مارچ(سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے روشناس کروائی گئی وزارت شہری ہوا بازی کی اسکیم ’’اڑان‘‘ کے تحت اسپائس جیٹ نے بین الاقوامی سفر شروع کرنے کا اعلان کیا ہے اور اسپائس جیٹ کی حیدرآباد ۔ کولمبو ۔ حیدرآباد راست پرواز کا آئندہ ماہ کے اواخر میں آغاز ہوجائے گا۔ حکومت ہند کی جانب سے مختصر مسافت کی پروازوں کو شروع کرنے کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں حیدرآباد۔کولمبو حیدرآباد پہلی بین الاقوامی پرواز ہے جسے اسپائس جیٹ کی جانب سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جار ہا ہے کہ اسپائس جیٹ نے اندرون ملک پروازوں کے آغاز کے سلسلہ میں بھی اقدامات شروع کردیئے ہیں جس کے نتیجہ میں احمدآباد۔کشن گڑھ۔احمدآباد‘ لکھم پور ۔گوہاٹی ۔لکھم پور اور جئے پور ۔امرتسر ۔جئے پور پروازوں کا بھی آغاز کردیا جائے گا۔ اسپائس جیٹ کے ذرائع کے مطابق اسپائس جیٹ نے مختصر مسافت کی پروازوں کی تخصیص کے تیسرے مرحلہ میں ان پروازوں کی اجازت حاصل کی ہے اور اندرون ملک جن پروازوں کو منظوری حاصل ہوئی ہے وہ 31مارچ سے شروع ہوجائیں گی

اور جئے پور۔امرتسر۔جئے پور‘ کشن گڑھ ۔ احمد آباد ۔کشن گڑھ‘ لکھم پور۔ گوہاٹی ۔ لکھم پور پروازیں سوائے اتوار کے روزانہ چلائی جائیں گی جبکہ حیدرآباد ۔کولمبو۔ حیدرآباد چلائی جانے والی بین الاقوامی پرواز ہفتہ میں 5دن چلائی جائیں گی کیونکہ منگل اور چہارشنبہ کو یہ پرواز نہیں چلائی جائیں گی۔ بتایاجاتا ہے کہ بین الاقوامی پروازکے لئے اسپائس جیٹ نے 15ا پریل سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور 15اپریل سے شروع ہونے والی اسپائس جیٹ کی یہ پرواز ہفتہ میں 5یوم چلائی جائے گی اور اس فضائی راستہ پر مسافرین کی تعداد میں اضافہ کی صورت میں پروازوں میں اضافہ کے متعلق بھی غور کیا جائے گا۔ شہر حیدرآباد سے کولمبو سری لنکا کے لئے شروع کی جانے والی یہ پرواز کے متعلق کہا جار ہاہے کہ کم قیمتی ائیر لائنس کی جانب سے اس فضائی مسافت پر اسپائس جیٹ پہلی ائیر لائنس ہے جس کی جانب سے یہ پرواز شروع کی جا رہی ہے اور سری لنکا میں ویزا ائیر پورٹ پر حاصل کرنے کی سہولت کے سبب تفریح کیلئے عوام کی بڑی تعداد کا رخ اس جانب ہونے کی توقع کی جا رہی ہے ۔ اسپائس جیٹ کی جانب سے اندرون ملک مختصر مسافت کی مزید 4پروازوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے اس طرح آئندہ ماہ کے وسط تک اسپائس جیٹ نے ملک سے جملہ 12 نئی پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ مختصر مدت میں سب سے زیادہ نئی مسافت پر پروازوں کے آغاز کا فیصلہ ہے۔