مرکزی حکومت کی ’’لبریشن ڈے‘‘ تقاریب کی تیاریاں مکمل

   

آج اسکوٹر ریالی میں جی کشن ریڈی شرکت کریں گے، کل امیت شاہ کی حیدرآباد آمد
حیدرآباد۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے 17 ستمبر کو ’’لبریشن ڈے‘‘ کی سرکاری تقاریب منانے کا اعلان کرنے کے بعد اس کو کامیاب بنانے کیلئے تلنگانہ بی جے پی کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ جی کشن ریڈی 15 ستمبر کو اسکوٹر ریالی میں شرکت کریں گے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 16 ستمبر کی شام کو حیدرآباد پہنچ جائیں گے۔ واضح رہے کہ مرکزی محکمہ سیاحت نے 17 ستمبر کو ’’لبریشن ڈے‘‘ کی سرکاری تقاریب منانے اور سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈ پر جلسہ عام منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد تلنگانہ بی جے پی جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے سرگرم ہوگئی ہے۔ تلنگانہ بی جے پی مہیلا مورچہ کی جانب سے 15 ستمبر کو چارمینار بھاگیہ مندر سے اسکوٹر ریالی کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ جس میں مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی شرکت کریں گے۔ یہ ریالی چارمینار سے سکندرآباد پریڈ گراؤنڈ سے ہوتے ہوئے اسمبلی کے روبرو موجود مجسمہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے پاس اختتام کو پہنچے گی۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ 16 ستمبر کی شام میں حیدرآباد پہنچیں گے۔ اسی رات وہ پارٹی کے سینئر قائدین سے ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے اور مستقبل کی حکمت عملی کو طے کریں گے۔ 17 ستمبر کو پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد میں منعقد ہونے والے پروگرام میں سنٹرل فورسیس سے مرکزی وزیر داخلہ سلامی لیں گے۔ مرکزی حکومت نے اس تقریب میں کرناٹک اور مہاراشٹرا کے چیف منسٹرس کو بھی مدعو کیا ہے۔ تلنگانہ بی جے پی کی جانب سے جلسہ عام کو کامیاب بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ ن
مختلف اضلاع سے جلسہ عام میں عوام کو بڑے پیمانے پر منتقل کرنے کے لئے منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے۔ ن