اڈانی کی بدعنوانی کی تحقیقات کا مطالبہ ، محبوب نگر میں کانگریس کی یاترا
محبوب نگر ۔ 7 فبروری ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی حکومت نے مسلسل عوام مخالف پالیسیوں کو نافذ کرتے ہوئے عوام کی زندگیوں کو اجیرن کردیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کانگریس صدر جی مدھو سدھن ریڈی نے کیا ۔ وہ پیر کے دن مستقر محبوب نگر پر ایل آئی سی آفس کے روبرو ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا پروگرام سے مخاطب تھے ۔ واضح رہے کہ پیر کے دن ریاست بھر میں اس یاترا کا آغاز عمل میں آیا ۔ مرکزی و ریاستی حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف ضلع کانگریس کے زیراہتمام کانگریس آفس سے احتجاجی ریالی کا آغاز ہوا ۔ ریالی میں ریاستی نائب صدر عبیداﷲ کوتوال و دیگر اہم قائدین شریک تھے ۔ صدر ضلع کانگریس نے مزید کہا کہ گوتم اڈانی کو امیروں کی فہرست میں تیسرے مقام پر پہونچانے میں وزیراعظم مودی کا اہم رول رہا ہے ۔ چھوٹے چھوٹے ممالک میں اڈانی نے جو کمپنیاں قائم کی ہیں اس کو نقصان سے محفوظ رکھنے کیلئے ایل آئی سی اور ایس بی آئی اور دیگر شعبوں کو زبردستی ان کے حوالے کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عوام نقصان سے دوچار ہورہے ہیں ۔ انھوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت ملک کو مکمل تباہ و برباد کررہی ہے ۔ انھوں نے اڈوانی کی بدعنوانیوں کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔