نئی دہلی22مارچ (سیاست ڈاٹ کام )کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کے پیش نظر مرکزی حکومت کے تمام دفاتر میں 31 مارچ تک صرف ‘اسکیلٹن سروس’ ہی رہے گی یعنی کچھ ملازم ہی دفتر آئیں گے ۔مرکزی وزارت پرسونل نے اتوار کو جاری اپنے حکمنامہ میں تمام محکموں کے سربراہوں سے سے کہا ہے کہ تمام دفاتر میں 31 مارچ تک‘ا سکیلٹن سروس’ چلانے کا انتظام کیا جائے ۔یہ حکم فوری طور پر نافذ ہوگا۔ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ کے سربراہ تمام افسران اور ملازمین، جن میں کنسلٹینٹ، کنٹریکٹ اور ٹھیکے پر کام کرنے والے لوگ بھی شامل ہیں، ان کی ایک ڈیوٹی روسٹر بنائیں۔آئندہ 31 مارچ تک تمام ملازم اس روسٹر کے مطاابق ہی آفس آئیں گے ۔اس کا مطلب ہے کہ تمام دفاتر میں صرف ‘اسکیلٹن سروس’ ہی کام کرے گی۔جن ملازمین کو گھر سے کام کرنا ہے وہ ہر وقت ٹیلی فون اور دیگر الیکٹرک ذرائع سے دفتر کے رابطے میں رہیں گے ۔لازمی سروس کے تحت ضرورت پڑنے پر انہیں دفتر بھی آنا چاہئے ۔ وزارت پرسونل نے سبھی محکموں سے کہا ہے کہ وہ متعلق، ماتحت، خود مختار اور قانونی اداروں کو بھی اسی طرح کے احکامات جاری کریں۔