مرکزی حکومت کے فیصلہ کے خلاف چار آئی اے ایس عہدیدار ٹریبونل سے رجوع

   

عبوری احکامات کیلئے علحدہ درخواستیں، ٹریبونل میں آج سماعت ہوگی
حیدرآباد ۔14۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں آندھرا کیڈر سے تعلق رکھنے والے آل انڈیا سرویس عہدیداروں کو مرکزی حکومت کی ہدایت کا معاملہ سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل پہنچ چکا ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف پرسونل ان ٹریننگ حکومت ہند کے احکامات کو منسوخ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے 4 آئی اے ایس عہدیداروں نے سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل میں درخواست دائر کی ہے۔ جن آئی اے ایس عہدیداروں نے مرکزی حکومت کے احکامات کو چیلنج کیا ہے ، ان میں کمیشن جی ایچ ایم سی کے امراپالی، پرنسپل سکریٹری ٹورازم وانی پرساد ، سکریٹری بہبودی خواتین و اطفال وی کرونا شامل ہیں۔ درخواست گزاروں نے ٹریبونل سے خواہش کی ہے کہ تلنگانہ میں خدمات جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے عبوری احکامات جاری کئے جائیں۔ چار آئی اے ایس عہدیداروں کی جانب سے علحدہ درخواستیں داخل کی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سنٹرل ایڈمنسٹریٹیو ٹریبونل کل ان درخواستوں کی سماعت کرے گا۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کے محکمہ پرسونل اینڈ ٹریننگ نے آندھراپردیش کو الاٹمنٹ کے باوجود تلنگانہ میں خدمات انجام دینے والے آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کو 16 اکتوبر تک آندھراپردیش رپورٹ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی وزارت نے تلنگانہ میں خدمات جاری رکھنے سے متعلق عہدیداروں کی درخواست کو مسترد کردیا۔ واضح رہے کہ 2014 میں علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے وقت آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کا دونوں ریاستوں کے لئے الاٹمنٹ کیا گیا تھا۔ بعض عہدیدار اپنے الاٹمنٹ کے برخلاف دونوں ریاستوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حکومتوں کے باہمی اتفاق سے یہ عہدیدار الاٹمنٹ کے برخلاف ریاست میں برسر خدمت ہیں۔ مرکزی حکومت نے حال ہی میں ان عہدیداروں کو اپنی الاٹ کردہ ریاست سے رجوع ہونے کی ہدایت دی۔ رپورٹ کرنے کیلئے 16 اکتوبر تک کی مہلت دی گئی جس کے نتیجہ میں عہدیداروں میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ چیف سکریٹری شانتی کماری سے آج وی کرونا ، کے امراپالی اور رونالڈ راس نے ملاقات کی اور مرکزی حکومت کے احکامات پر عمل آوری روکنے کے لئے حکومت سے مداخلت کی اپیل کی۔ مرکزی وزارت پرسونل اینڈ ٹریننگ نے جن عہدیداروں کو ہدایت جاری کی ہیں ، ان میں آئی پی ایس عہدیدار انجنی کمار ، ابھیشک موہنتی اور ابھیلاش بشٹ شامل ہیں۔ آندھراپردیش کے بعض ضلع کلکٹرس کو تلنگانہ رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ 1