اسلام کا پیام ابنائے وطن تک پہونچانے پر زور : مولانا افتخار پاشاہ
حیدرآباد /2 جنوری ( پریس نوٹ ) مولانا سید حامد محمد قادری افتخار پاشاہ صدر مرکزی انجمن قادریہ نے مرکزی حکومت کی جانب سے منظورہ شہریت ترمیمی قانون کے علاوہ این آر سی یعنی قومی رجسٹر شہریان جیسے اقدامات کو ہندوستان کے دستور کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ این ڈی اے حکومت ملک کی اقلیتوں کو تباہ و برباد کرنے والے اقدامات کر رہی ہے ۔ تین پڑوسی ممالک پاکستان ، بنگلہ دیش اور افغانستان سے ہندو اقلیتوں کو ملک میں پناہ دینے کے دعوے اور وعدے تو کر رہی ہے لیکن خود اپنے ملک کی مسلمان ا قلیتوں پر ظلم و زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے کوئی ارادہ بھی نہیں رکھتی بلکہ اپنی طرف سے زیادتیوں کے ارتکاب سے بھی نہیں چوک رہی ہے ۔ حتی کہ اترپردیش کے چیف منسٹر شری یوگی آدتیہ ناتھ تو بدلہ اور انتقام لینے کی باتیں کر رہے ہیں ۔ انہوں نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ان ظالمانہ اقدامات کے خلاف اللہ سے رجوع ہوں ، نمازوں کی پابندی کریں ۔ اپنی نئی نسل کو دین کی بنیادی باتوں سے واقف کرواتے رہیں اور اسلام کا پیام ابنائے وطن تک پہونچانے کی ذمہ داری کو نبھائیں ۔ ورنہ اندیشہ ہے کہ ہم پر اللہ کا قہر این آر سی جیسے اقدامات کے ذریعہ نازل ہوگا اور ہمارا حشر بھی وہی ہوگا جو برما کے روہنگیا مسلمانوں کا ہو رہا ہے ۔ اللہ ہم سب کو اس دن سے بچائے اور ملت اسلامیہ کی حفاظت کرے ۔