نئی دہلی: مرکزی حکومت نے کوآپریٹو سوسائٹیوں کو مضبوط کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک کی سرحدوں کو مضبوط بنانے کے لیے مودی حکومت نے وائبرنٹ ولیج پروگرام کو منظوری دے دی ہے۔ اس کے تحت ملک کی شمالی سرحدوں پر واقع دیہاتوں میں انفراسٹرکچر کو ترقی دی جائے گی۔ اس کے لیے 4800 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ یہ فیصلہ بدھ کو مودی کابینہ کی میٹنگ میں لیا گیا۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے کابینہ کی میٹنگ کے بعد میڈیا بریفنگ میں یہ جانکاری دی انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ مختلف مقاصد کے لیے اگلے پانچ سالوں میں 2 لاکھ پرائمری ایگریکلچرل کوآپریٹو کریڈٹ سوسائٹیز (PAC)/ ڈیری/ فشریز کوآپریٹو سوسائٹیاں قائم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ لداخ، جموں کشمیر، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، سکم اور اروناچل پردیش کے کل 19 اضلاع کے 2966 گاؤں میں سڑک اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کیا جائے گا۔ یہ بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام سے مختلف ہوگا۔ اس کا سارا خرچ مرکزی حکومت برداشت کرے گی۔