کارکنوں اور عوام سے بند کامیاب کرنے کی اپیل، کانگریس پارٹی نے بھی بند کی تائیدکا اعلان کیا
حیدرآباد۔ گریٹر بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کے ناقص مظاہرہ کے بعد سیاسی حلقوں میں جاری مختلف قیاس آرائیوں کی نفی کرتے ہوئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے نریندر مودی حکومت سے ٹکراؤ کا موقف اختیار کرکے 8 ڈسمبر کو کسانوں کے ملک گیر ’ بھارت بند ‘ کی تائید کا اعلان کیا ہے ۔ بلدی نتائج کے بعد قیاس آرائیاں تھیں کہ حکومت مرکز سے ٹکراؤ کا راستہ ترک کرسکتی ہے لیکن چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے ارادوں کو واضح کرتے ہوئے کسانوں کے موقف کی تائید کا اعلان کیا۔ پنجاب ، ہریانہ اور دیگر ریاستوں کے کسان نئی دہلی کے قریب کئی دنوں سے احتجاج کررہے ہیں اور حکومت سے زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ کسانوں اور حکومت کے درمیان دو مرحلوں کی بات چیت ناکام رہی اور کسان قوانین سے دستبرداری کے سوا کسی اور بات پر سمجھوتہ کیلئے تیار نہیں۔ کسانوں نے ملک بھر میں احتجاج میں شدت پیدا کرنے 8 ڈسمبر کو بھارت بند کی اپیل کی۔ چیف منسٹر کے سی آر جو ٹی آر ایس کے سربراہ بھی ہیں اعلان کیا کہ 8 ڈسمبر کے کسانوں کے ’بھارت بند‘ کو ٹی آر ایس کی تائید رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کیڈر پوری مستعدی کے ساتھ بند میں حصہ لے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کسان مرکز کی جانب سے وضع کردہ حالیہ زرعی قوانین کے خلاف جمہوری اور قانونی انداز میں جدوجہد کررہے ہیں۔ ٹی آر ایس پارٹی نے پارلیمنٹ میں زرعی قوانین کی مخالفت کی تھی کیونکہ پارٹی کا ماننا ہے کہ یہ قوانین کسانوں کے مفادات کو نقصان پہنچائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جب تک نئے زرعی قوانین کو منسوخ نہیں کیا جاتا ان کی واپسی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
ٹی آر ایس بھارت بند کو کامیاب بنانے کیلئے مساعی کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسانوں کی حمایت میں کھڑے ہوں اور بند کو مکمل اور کامیاب کریں۔ اسی دوران کانگریس نے کسانوں کے ’ بھارت بند‘ کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے تمام ریاستوں کے یونٹس کو بند میں حصہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کانگریس قائدین و ورکرس سے درخواست کی کہ وہ 8 ڈسمبر کے بھارت بند میں حصہ لیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے کارپوریٹ شعبہ کو فائدہ پہنچانے زرعی قوانین تیار کئے ہیں جسکے خلاف ملک بھر میں کسان اُٹھ کھڑے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو کسانوں کی تائید کرنا چاہیئے۔ اتم کمار نے کسانوں پر لاٹھی چارج اور ان پر پابندیاں عائد کرنے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی سیاہ قوانین سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اور اس کے باہر کانگریس نے مذکورہ قوانین کی مخالفت کی ہے۔ صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی سونیا گاندھی اور سینئر قائد راہول گاندھی نے ملک بھر میں ’بھارت بند‘ کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں کانگریس قائدین اور کارکن بند میں حصہ لیں گے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے بھی کسانوں کے بھارت بند کی مکمل تائید کا اعلان کیا ہے۔