مرکزی زرعی قوانین کے خلاف 19 جنوری کو راج بھون کا گھیراؤ

   


کانگریس پارٹی کا اعلان، کھمم میں کسانوں کی تائید میں انسانی زنجیر

حیدرآباد۔ مرکزی حکومت کے زرعی قوانین سے دستبرداری کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی نے آج کھمم ضلع میں انسانی زنجیر کا اہتمام کیا تھا۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے احتجاجی پروگرام کی قیادت کی جس میں طویل انسانی زنجیر بنائی گئی تھی۔ سماج کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے شرکت کرتے ہوئے دہلی میں احتجاج کرنے والے کسانوں سے اظہار یگانگت کیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی حکومت کسانوں کے احتجاج کو کمزور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک بھر میں کسانوں کے حق میں احتجاج منظم کررہی ہے۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کے مفادات کے خلاف وضع کئے گئے قوانین سے فوری دستبرداری اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مصالحت کیلئے جو کمیٹی تشکیل دی ہے اس میں مرکزی قوانین کی تائید کرنے والے افراد شامل ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کے سی آر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نریندر مودی سے ملاقات کے بعد کے سی آر نے کسانوں کے مسائل پر یو ٹرن لے لیا ہے۔ مرکزی قوانین کے عین مطابق تلنگانہ میں زرعی پیداوار کی خریدی کے مراکز بند کردیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کرنے والی ٹی آر ایس حکومت کو عوام سبق سکھائیں گے۔ بھٹی وکرامارکا کے مطابق آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے 19 جنوری کو راج بھون کے گھیراؤ کی اپیل کی ہے۔ راج بھون کا گھیراؤ کرتے ہوئے نہ صرف احتجاجی کسانوں سے یگانگت کا اظہار کیا جائے گا بلکہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی مانگ کی جائے گی۔ کانگریس قائدین اور کارکن 11 بجے دن لمبنی پارک پر جمع ہوں گے اور وہاں سے جلوس کی شکل میں راج بھون روانہ ہوں گے۔صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ راج بھون کے گھیراؤ پروگرام میں حصہ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی قوانین سے دستبرداری تک کانگریس کا احتجاج جاری رہے گا۔