مرکزی فنڈز کے حصول میں تلنگانہ کو دشواریوں کا سامنا

   

یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ کیلئے مرکزی حکومت کا اصرار
حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) سیلاب اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کیلئے مرکزی فنڈز کے حصول میں تلنگانہ کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ 8 برسوں سے تلنگانہ نے مرکزی حکومت کو آفات سماوی فنڈ کے خرچ کے بارے میں رپورٹ داخل نہیں کی جس کے نتیجہ میں مرکزی حکومت فنڈز جاری کرنے میں تامل کررہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی حکومت نے اسٹیٹ ڈیزاسٹر فنڈ کے گذشتہ آٹھ برسوں میں خرچ کے بارے میں یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔حالیہ بارش اور سیلاب کے نقصانات پر تلنگانہ حکومت کو مرکز سے فنڈز کی اجرائی کا انتظار ہے جبکہ مرکزی حکومت نے مرکزی عہدیداروں کی ٹیم کے دورہ کے بعد یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹس داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بی آر ایس حکومت نے مرکزی حکومت کو کبھی بھی سیلاب کے نقصانات کی رپورٹ داخل نہیں کی۔ موجودہ حکومت حالیہ سیلاب کے نقصانات کے بارے میں مرکز کو 27 ستمبر کو قطعی رپورٹ پیش کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جس میں جملہ نقصانات کا تخمینہ 10 ہزار کروڑ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مرکزی ٹیم نے وزارت داخلہ کو اپنی رپورٹ پیش کردی ہے اور تلنگانہ حکومت سے یوٹیلائزیشن سرٹیفکیٹ کے ادخال تک مرکزی فنڈز کی اجرائی کے امکانات موہوم دکھائی دیتے ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ کے تحت مرکزی حکومت نے جو 208 کروڑ روپئے کی اجرائی روک دی ہے اس بارے میں کیا فیصلہ کیا جائے گا۔ مالیاتی سال 2024-25 کیلئے مرکزی حکومت نے یہ رقم جاری نہیں کی۔1
تحفظ اوقاف کے موضوع پر آج مدینہ ایجوکیشن سنٹر میں اجلاس
حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ وقف پروٹیکشن سیل اور مدینہ ایجوکیشن اینڈ ویلفیر سوسائٹی کے زیر اہتمام 25 ستمبر چہارشنبہ کو بعد مغرب تحفظ اوقاف کے موضوع پر مدینہ ایجوکیشن سنٹر نامپلی میں اجلاس منعقد ہوگا۔ مولانا احمد ولی فیصل رحمانی سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، امیر شریعت بہار، جھارکھنڈ و اوڈیشہ، جناب حامد محمد خاں قومی سکریٹریی جماعت اسلامی ہند اور ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد ریٹائرڈ اسوسی ایٹ پروفیسر مخاطب کریں گے۔1

عوام سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔1