اسمبلی اجلاس طلب کرنے کے سی آر سے ہنمنت راؤ کا مطالبہ
حیدرآباد۔ مرکزی حکومت کے زرعی قوانین کے خلاف عثمانیہ یونیورسٹی کے طلباء تنظیموں نے احتجاج منظم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے احاطہ میں آج مختلف طلباء تنظیموں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے شرکت کرتے ہوئے اظہار یگانگت کیا اور کہا کہ کسانوں کے حق میں احتجاج کو کانگریس کی مکمل تائید حاصل ہے۔ کانگریس نے پارلیمنٹ اور اس کے باہر زرعی قوانین کی مخالفت کی ہے۔ اجلاس میں اے آئی ایس ایف، پروگریسیو ڈیموکریٹک اسٹوڈنٹ یونین کے علاوہ این ایس یو آئی اور دیگر طلباء تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ طلباء تنظیموں نے ملک بھر میں کسانوں کے جاریہ احتجاج کی تائید کی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کسان گذشتہ 20 دنوں سے نئی دہلی میں احتجاج کررہے ہیں لیکن حکومت احتجاج کو کمزور کرنے کی سازش کررہی ہے۔ انہوں نے حکومت کے رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے مطالبات کو نظرانداز کرنے کا خمیازہ مودی حکومت کو بھگتنا پڑے گا۔ سونیا گاندھی کی ہدایت پر کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں مرکزی قوانین کے خلاف قرارداد منظور کی گئی اور کانگریس ریاستوں میں مرکزی قوانین پر عمل نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے قرارداد کی منظوری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں کسان خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کی کثیر تعداد ہے اور تمام طلباء تنظیموں کو متحدہ طور پر احتجاج کرنا چاہیئے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ وہ کاکتیہ یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں کے حق میں احتجاج کیلئے طلباء کو ترغیب دیں گے۔
