مرکزی محکمہ جات میں 200 نئے تقررات کے احکامات حوالے کئے گئے

   

مرکزی وزیر کشن ریڈی نے حیدرآباد میں تقریب میں شرکت کی
حیدرآباد۔/26 ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے مرکزی حکومت کے مختلف اداروں میں تقرر کردہ 200 جائیدادوں کے منتخب امیدواروں میں احکام تقررات تقسیم کئے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے مختلف سرکاری محکمہ جات کی 51 ہزار جائیدادوں پر تقررات کے مکتوب ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ حوالے کئے ہیں۔ حیدرآباد میں بھارتیہ ودیا بھون بشیر باغ میں تقریب منعقد ہوئی جس میں مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے 200 امیدواروں میں تقررات کے احکام حوالے کئے۔ 200 جائیدادوں میں ڈپارٹمنٹ آف پوسٹ 84، اسٹیٹ لیول بینکرس کمیٹی 36 ، سنٹرل بورڈ آف ڈائرکٹ ٹیکسیس 25، بھارت ڈائنامک لمیٹیڈ 23 ، وزارت صحت و خاندانی بھلائی 11 ، اعلیٰ تعلیم 11 ، سنٹرل بورڈ آف ان ڈائرکٹ ٹیکسیس اینڈ کسٹمس 6، فوڈ کارپوریشن آف انڈیا 2 اور وزارت کانکنی میں 2 جائیدادیں شامل ہیں۔ ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی پوسٹ ماسٹر جنرل حیدرآباد ریجن نے نئے تقرر کردہ امیدواروں کا خیرمقدم کیا۔ شریمتی ٹی ایم سری لتا پوسٹ ماسٹر جنرل ہیڈ کوارٹرس ریجن، کے اے دیوا راج ڈی پی ایس ہیڈ کوارٹر تلنگانہ سرکل اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔