مرکزی وریاستی سرکاری ملازمین کا 30ستمبر کواحتجاج

   

پارلیمنٹ کے قریب دھرنا منظم کرنے کُل ہند فیڈریشن کا فیصلہ
حیدرآباد ۔16 ستمبر ( سیاست نیوز) قومی سطح پر ریاستی و مرکزی سرکاری ملازمین کے ساتھ مرکزی حکومت کے اختیار کردہ مخالف ملازمین پالیسیوں کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے آل انڈیا ریاستی سرکاری ملازمین فیڈریشن ( اے آئی ایس جی ای ایف ) کی قومی عاملہ نے بڑے پیمانے پر جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پنجاب میں واقع جالندھر میں منعقدہ مذکورہ اے آئی ایس جی ای ایف کی قومی عامہ کی اہم اجلاس میں صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد متفقہ طور پر مرکزی حکومت کی مخالف ملازمین پالیسیوں کے خلاف30ستمبر کو پارلیمنٹ کے قریب منظم انداز میں جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ہ جالندھر میں منعقدہ عاملہ کے اجلاس عام میں تلنگانہ نان گزیٹیڈ آفیسرس یونین کے صدر و جنرل سکریٹری کے رویندر ریڈی اور ایم راجندر کے علاوہ دیگر قائدین نے بھی شرکت کی ۔مرکزی حکومت کی مخالف سرکاری ملازمین پالیسیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرنے اور جدوجہد شروع کرنے کا اجلاس میں متفقہ فیصلہ کیا گیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ عاملہ کے اجلاس میں سرکاری ملازمین کیلئے نئی پنشن اسکیم کو فوری منسوخ کر کے سابق پنشن اسکیم کو روبہ عمل لانے سرکاری اداروں کو خانگی شعبہ کے حوالے کرنے کی تجاویز سے فی الفور دستبرداری اختیار کرنے کا مرکزی حکومت سے پُرزور مطالبہ کرتے ہوئے عاملہ کے اجلاس نے متفقہ قرارداد بھی منظور کی ہے ۔ علاوہ ازیں کنٹراکٹ کی بنیاد پر خدمات انجام دینے والے تمام ملازمین کی خدمات کو فی الفور باقاعدہ بنانے کا بھی مطالبہ کیا ۔