مرکزی وزارت صحت ریاست کے 693 کروڑ کے بقایہ جات ادا کرے

   

وزیر صحت جے پی نڈا سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی نمائندگی ۔ طبی خدمات سے واقف کروایا
حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) مرکزی وزارت صحت تلنگانہ کو اداشدنی 693.13 کروڑ فوری جاری کرکے ریاست میں قومی ہیلت مشن کے تمام منصوبوں پر عمل کے سلسلہ میں راہیں ہموار کرنے اقدامات کرے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دہلی میں آج وزیر صحت جے پی نڈا سے ملاقات میں ریاستی حکومت کو وصول طلب بقایا جات کی تفصیلات پیش کی اور کہا کہ ریاستی حکومت نے جاریہ سال جنوری کے اوائل سے مرکزی حکومت کی اسکیم آیوشمان بھارت کے تمام نکات پر ریاست میں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اسی لئے مرکز کو تلنگانہ کو اداشدنی بقایاجات کی فوری اجرائی عمل میں لائی جانی چاہئے تاکہ ریاست میں شعبہ صحت کو مستحکم بنانے میں رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سے تلنگانہ کے تمام علاقوں میں جملہ 5159 بستی دواخانوں کے قیام اور ان کے مؤثر انتظام کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہری و دیہی علاقوں کے عوام کو بھی مرکز کے منصوبہ کے مطابق طبی سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاسکے۔ انہوں نے جے پی نڈا سے کہا کہ ریاست کو مرکزی حکومت کا صحت کے شعبہ میں بہتری لانے تعاون درکار ہے اسی لئے وہ مالی سال 2023-24 کے تیسرے اور چوتھے سہ ماہی کے فنڈس جو کہ جملہ 323.73 اداشدنی ہیں اس کی اجرائی کی درخواست کر رہے ہیں۔اس کے علاوہ وزارت صحت اگر مالی سال 2024-25کی پہلی سہ ماہی گرانٹ 138کروڑ کی منظوری اور اجرائی کے اقدامات کرتی ہے ریاستی حکومت کو سہولت ہوگی۔ ریونت ریڈی نے جے پی نڈا سے ملاقات میں کہا کہ مرکزی حکومت کی نیشنل ہیلت مشن اسکیم کے تحت انتظامی امور کیلئے سال 2023-24کے واجب الادا 231.40 کروڑ جاری کرتی ہے تو اس منصوبہ کو ریاست میں بہتر انداز میں نافذ کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مرکز سے اداشدنی رقومات میں تاخیر سے تلنگانہ کو اپنے بجٹ سے اخراجات برداشت کرنے پڑ رہے ہیں اور ان کی حکومت ریاست کی کمزور معاشی موقف کے باوجود عوام کو درکار طبی سہولتوں کی فراہمی میں کوتاہی نہیں کر رہی ہے بلکہ 2023 اکٹوبر سے ایمرجنسی طبی خدمات میں کوئی خلل نہ ہو اس کیلئے مکمل بجٹ کی اجرائی یقینی بنا رہی ہے۔ ریونت ریڈی کی مرکزی وزیر نڈا سے ملاقات میں ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ‘ پی سرینواس ریڈی ‘ رکن پارلیمنٹ انیل کمار یادو‘ و اے جتیندر ریڈی موجود تھے۔3