مرکزی وزراء کمارا سوامی اور پیوش گوئل سے سریدھر بابو کی ملاقات

   

مرکزی اداروں کو الاٹ کردہ اراضی پر تنا زعہ کی یکسوئی کی اپیل
حیدرآباد ۔ 26۔ جون (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے مرکزی وزراء ایچ ڈی کمارا سوامی اور پیوش گوئل سے ملاقات کی اور تلنگانہ کے پراجکٹس کی عاجلانہ منظوری کی نمائندگی کی ۔ انہوں نے ایچ ڈی کمارا سوامی سے اپیل کی کہ مرکزی عوامی شعبہ کے اداروں کو تلنگانہ میں الاٹ کی گئی اراضی سے متعلق تنازعہ کا حل تلاش کریں کیونکہ طویل عرصہ سے یہ معاملہ زیر التواء ہے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں مرکزی عوامی شعبہ کے اداروں کو اراضیات مختص کی گئی تھیں تاکہ صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں۔ ہندوستان کیبلس لمٹیڈ کو 324.87 ایکر ، ایچ ایف ایل کمپنی کو 126.33 ایکر ، آئی ڈی پی ایل کو 551.03 ایکر ، ایچ ایم ٹی کو 888.05 ایکر ، سمنٹ کارپوریشن آف انڈیا کو 2272.85 کروڑ اور آرڈیننس فیکٹری کو 3020 ایکر اراضی مختص کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے بیشتر ادارے یا تو بند ہوچکے ہیں یا پھر پیداوار روک دی گئی جس کے نتیجہ میں الاٹ کردہ اراضی کا کوئی مصرف نہیں رہا ۔ بعض کیسس میں اراضی کو تجارتی اغراض کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں سرکاری خزانہ کو بھاری نقصان ہوگا۔ سریدھر بابو نے مرکزی وزیر سے اپیل کی کہ اراضیات کے استعمال کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں جس کے تحت ترقیاتی سرگرمیوں کو یقینی بنایا جائے اور ریاستی حکومت کے مفادات کا تحفظ ہو۔ مرکزی وزیر کمارا سوامی نے تیقن دیا کہ وہ ترجیحی بنیادوں پر اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس مسئلہ کا جائزہ لیں گے اور دیرینہ حل طلب مسئلہ کی یکسوئی کریں گے۔1