حکومت کووڈ۔ 19 ہاٹ اسپاٹس میں این آر آئیز کی مدد کرے، کانگریس کا مطالبہ
نئی دہلی ۔ /11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) تمام مرکزی وزراء سے کہا گیا ہے کہ دوشنبہ سے اپنے وزارتوں کا کام کاج دوبارہ سنبھالے اور لاک ڈاؤن کے بعد کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے معیشت کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی جائے ۔ ذرائع نے آج کہا کہ حکومت صنعتی اور زرعی شعبوں میں نرمی دینے پر غور کررہی ہے ۔ لاک ڈاؤن میں توسیع کے نتیجہ میں یہ شعبے مزید متاثر ہوں گے۔ چنانچہ جن علاقوں میں Covid-19 کا کوئی خاص اثر نہیں ہوا، وہاں صنعتی و زرعی سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے ۔ ملک کو 3 زونس ریڈ ، آرینج اور گرین میں تقسیم کرنے کی تجویز بھی ہے ۔ اس تقسیم کی بنیاد کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد ہے ۔ جن علاقوں میں کچھ حد تک صنعتی سرگرمی کی اجازت دی جائے گی وہ زرد اور ہرے علاقے کہلائے جائیں گے جہاں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کے طریقوں پر بدستور عمل ہوگا جو علاقہ وائرس سے زیادہ متاثر ہیں انہیں ریڈ زون کے تحت بدستور مکمل لاک ڈاؤن کے تحت رکھا جائے گا ۔ ذرائع نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران بھی مختلف وزارتیں جیسے صحت ، فینانس، دیہی ترقی اور زراعت کام کرتے رہے ہیں جبکہ دیگر وزارتوں کی سرگرمیاں محدود کی گئی ۔ اس دوران کانگریس نے مرکزی حکومت پر بیرون ملک Covid-19 کے ہاٹ اسپاٹس میں پھنسے ہندوستانیوں کی بدحالی کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا اور مطالبہ کیا کہ ان کی زندگیاں بچانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے کہا کہ مرکز کو اس انسانی بحران میں ہنگامی اساس پر متاثرین کی مدد کرنا چاہئیے۔