مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کا آج دورہ نظام آباد

   

حیدرآباد ۔ 28 جون (سیاست نیوز) مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اتوار 28 جون کو تلنگانہ کے دورہ پر پہنچ رہے ہیں۔ نظام آباد میں ہلدی بورڈ آفس کا افتتاح کرنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ مرکزی وزیرداخلہ کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پولیس کی جانب سے سخت سیکوریٹی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ چند علاقوں میں ٹریفک تحدیدات بھی عائد کئے گئے ہیں۔ امیت شاہ اتوار کو صبح 11:25 بجے گجرات کے احمدآباد ایرپورٹ سے روانہ ہوں گے۔ دوپہر ایک بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچ جائیں گے۔ دوپہر 1:45 بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ سے خصوصی ہیلی کاپٹر سے ضلع کلکٹریٹ نظام آباد روانہ ہوں گے۔ وہاں سے ونائیک ساگر میں قومی ہلدی بورڈ کو پہنچ گئے۔ 2 بجے ہلدی بورڈ دفتر کا افتتاح کریں گے جہاں آدھا گھنٹہ امیت شاہ ہلدی بورڈ کے دفتر میں وقت گذاریں گے۔ 2:35 بجے نظام آباد کے کنٹشور کراس روڈ پر سابق وزیر ڈی سرینواس کے مجسمہ کی نقاب کشائی کریں گے۔ 2:45 بجے سے 4 بجے تک پالی ٹیکنک گراونڈ پر منعقد ہونے والے کسان مہا سبھا سے خطاب کریں گے اور شام 5 بجے بیگم پیٹ ایرپورٹ کو پہنچ جائیں گے۔2