سیاحوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت، پہلگام اور تفریحی مقامات کی صورتحال کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ اپریل (سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار نے جموں و کشمیر کے ڈائرکٹر جنرل پولیس نلنی پرتاپ سے بات چیت کرتے ہوئے کشمیر میں سیاحوں کو مکمل سیکوریٹی فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ مملکتی وزیر داخلہ نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سے پہلگام اور دیگر سیاحتی مقامات کی موجودہ صورتحال اور سیکوریٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ پولیس اور نیم فوجی دستوں کی جانب سے سیاحتی مقامات پر سخت چوکسی اختیار کی گئی ہے تاکہ سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بنڈی سنجے کمار کو پہلگام وا قعہ کے بعد حکام کی جانب سے کئے گئے اقدامات کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ بنڈی سنجے کمار نے کشمیر میں موجود سیاحوں سے اپیل کی کہ وہ خوف اور دہشت کا شکار نہ ہوں۔ حکومت نے کشمیر میں واقع ہوٹلوں کے انتظامیہ سے بات چیت کرتے ہوئے سیاحوں کیلئے موثر بندوبست کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت دہشت گردوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ بنڈی سنجے کمار نے بتایا کہ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے کشمیر کی صورتحال پر نظر رکھی گئی ہے اور وقفہ وقفہ سے صورتحال کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اسی دوران بی جے پی رکن پارلیمنٹ ڈی کے ارونا نے کہا کہ پہلگام واقع کے ذمہ داروں کو بخشا نہیں جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔ بی جے پی کی جانب سے پہلگام واقعہ کے خلاف بطور احتجاج ریالی منظم کی گئی جس میں رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر لکشمن ، رکن اسمبلی پی شنکر ، سابق رکن پارلیمنٹ بی نرسیا گوڑ ، سابق رکن اسمبلی سی ایچ رام چندرا ریڈی اور حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بی جے پی قائدین نے شرکت کی۔ 1