نئی دہلی :مرکزی وزیر اُمور صارفین ، غذا و عوامی نظام تقسیم رام ولاس پاسوان کا جمعرات کو نئی دہلی میں 74 سال کی عمر میں دیہانت ہوگیا ہے۔ پاسوان کے بیٹے چراغ پاسوان نے ٹویٹ کرکے یہ اطلاع دی ۔ پاسوان کچھ عرصہ سے بیمار تھے اور دہلی کے فورٹس اسکورٹس ہاسپٹل میں زیر علاج تھے۔3 اکتوبر کو ان کے دل کا آپریشن کیا گیا تھا۔پاسوان کی موت کی خبر پھیلتے ہی سیاسی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔ صدر جمہوریہ ،نائب صدر جمہوریہ ،وزیر اعظم اور دیگر قائدین نے پاسوان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔5 جولائی 1946 ء کو بہار کے کھگڑیا میں پیدا ہوئے ۔ 1969ء میں پہلی مرتبہ سنیکت سوشلسٹ پارٹی سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ رام ولاس پاسوان نے دو شادیاں کی تھیں۔ ان کی پہلی بیوی راج کماری دیوی کے ساتھ ان کا رشتہ 1969ء سے 1981ء تک رہا۔ 1982ء میں انہوں نے رینا شرما سے شادی کی۔ پاسوان کے پسماندگان میں بیوی کے علاوہ دو بیٹیاں اور ایک بیٹا چراغ پاسوان شامل ہیں ۔ وہ لوک جن شکتی پارٹی کے سرپرست ِ اعلیٰ بھی تھے۔