مرکزی وزیر سیاحت سے ٹی آر ایس ارکان پارلیمنٹ کی ملاقات

   

منچریال میں سیاحتی مرکز کی تجویز ، گورنمنٹ وہپ بی سمن کی یادداشت
حیدرآباد ۔9۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں گورنمنٹ وہپ بی سمن نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر سیاحت پراہلاد سنگھ پاٹل سے ملاقات کی اور منچریال ضلع میں ایکو ٹورازم سرکٹ کے قیام کیلئے نمائندگی کی۔ ارکان پارلیمنٹ ڈاکٹر رنجیت ریڈی ، ایم سرینواس ریڈی ، این وینکٹیش اور ایم کویتا کے ہمراہ مرکزی وزیر سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کی گئی ۔ سمن نے ایکو ٹورازم سرکیوٹ کے قیام کیلئے پراجکٹ رپورٹ بھی حوالے کی اور کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے یہ بہتر اقدام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ منچریال میں کئی اہم مقامات ہیں، جنہیں سیاحتی مرکز میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ اس سلسلہ میں ضلع انتظامیہ سے پہلے مرحلہ میں مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں۔ بی سمن نے بتایا کہ منچریال ضلع میں انارم بیارج ، ملنا سوامی مندر ،گاندھاری قلعہ ، ایلم پلی بیارج اور وائلڈ لائیف سنچری موجود ہے جو سیاحتی مراکز میں تبدیل کئے جاسکتے ہیں۔ مرکزی حکومت کی سوادیش درشن اسکیم کے تحت ملک میں سیاحتی مقامات کو ترقی دے رہی ہے۔ انہوں نے مجوزہ پراجکٹ کی تکمیل کیلئے ایک تفصیلی نوٹ حوالے کیا۔ منچریال ضلع کے مختلف مراکز پر مشتمل ایکو ٹورازم سرکیوٹ قائم کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ابتدائی منظوری کے بعد تفصیلی پراجکٹ رپورٹ روانہ کی جائے گی ۔ مرکزی وزیر نے اس سلسلہ میں مثبت کارروائی کا یقین دلایا ۔