سرمایہ کاری کے امکانات پر عالمی اداروں کے اجلاس میں شرکت
حیدرآباد۔/25 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر کامرس و انڈسٹری پیوش گوئل نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں مستقبل کی سرمایہ کاری کے موضوع پر اجلاس میں شرکت کی۔ سوشیل میڈیا میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے پیوش گوئل نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے نئے امکانات اور عالمی سطح پر اس کے موثر اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ترقی کی نئی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔ پیوش گوئل سعودی عرب کے دو روزہ دورہ پر تھے۔ FII نامی عالمی غیر منافع بخش فاؤنڈیشن نے اجلاس کا اہتمام کیا تھا جس میں دنیا بھر سے سرکاری اور تجارتی رہنماؤں نے شرکت کی تاکہ سرمایہ کاری کے نئے راستے تلاش کئے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، ایجوکیشن، ہیلت کیئر اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ پیوش گوئل نے ورلڈ بینک کے صدر اجئے بنگا اور برج واٹر اسوسی ایٹس کے بانی رے ڈالیو سے ملاقات کی۔ 2022-23 میں مختلف ممالک کے ساتھ باہمی تجارت 52.75 بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے جو 2021-22 میں 42.86 بلین ڈالر تھی۔