ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک کی شرکت ، ریاست کے منصوبوں کو خصوصی مالی امداد کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارک نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے خاطر خواہ مالی امداد فراہم کریں ۔ آج دہلی میں مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتارامن کے ماقبل بجٹ اجلاس سے خطاب میں ڈپٹی چیف منسٹر نے ریاست کے ساتھ قبل از بجٹ مشاورت پر تلنگانہ حکومت کی جانب سے وزیر فینانس سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ مرکز اور ریاستوں کے بہتر تال میل سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔ بھٹی وکرامارک نے کہا کہ بجٹ کی تیاری میں ریاستوں کو شامل کرنے سے کوآپریٹیو فیڈرلزم کو تقویت ملتی ہے ۔ انہوں نے 2047 تک ملک کو 30 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے مرکزکے ویژن کی ستائش کی اور کہا کہ اس وقت ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار میں تلنگانہ کا حصہ 5.1 فیصد ہے ۔ جسے بڑھانے ریاستی حکومت نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن پیش کیا ہے ۔ ریاستوں کو 50 سالہ بلاسودی قرضوں کو گرانٹ میں تبدیل کیا جائے اور اس امداد کو دو گنا کیا جائے ۔ ترقیاتی منصوبوں سے متعلق انہوں نے ریجنل رنگ روڈ منصوبے کو منظوری ، حیدرآباد میٹرو فیس II کی منظوری ، حیدرآباد میں آئی آئی ایم کے قیام اور دیگر اضلاع میں کیندریہ و جواہر نوودیا ودیالیوں کے قیام کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے پداپلی ، ورنگل ، عادل آباد اور کتہ گوڑم میں ایرپورٹس کی منظوری ، پالمور ، رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو قومی کا درجہ دینے ، موسیٰ ریور فرنٹ ڈیولپمنٹ کیلئے 14,100 کروڑ ریڈیل سڑکوں کیلئے 45000 کروڑ مختص کرنے کی اپیل کی ۔۔ 2
