مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن سے بھٹی وکرامارکا کی ملاقات

   

تلنگانہ کے زیر التواء فنڈز کی اجرائی کی درخواست، سود کی شرح میں کمی کرنے نمائندگی
حیدرآباد۔/25 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر فینانس بھٹی وکرامارکا نے مرکزی وزیر فینانس نرملا سیتا رامن سے ملاقات کی اور تلنگانہ کی معاشی صورتحال میں بہتری اور معاشی چیلنجس سے نمٹنے کیلئے مرکز سے تعاون کی اپیل کی۔ بھٹی وکرامارکا نے نرملا سیتا رامن کو ریاست کی موجودہ معاشی صورتحال سے واقف کرایا اور درخواست کی کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے تحت تلنگانہ کو زیر التواء فنڈز جاری کئے جائیں۔ انہوں نے سابق بی آر ایس حکومت کی جانب سے حاصل کردہ قرض کو ری شیڈول کرنے اور مرکزی اسکیمات کے تحت فنڈز جاری کرنے کی درخواست کی۔ بھٹی وکرامارکا نے بتایا کہ گذشتہ حکومت نے 31795 کروڑ روپئے بھاری سود پر بطور قرض حاصل کئے تھے جس کے نتیجہ میں ریاستی خزانہ پر بھاری بوجھ پڑا ہے۔ انہوں نے مرکزی وزیر فینانس سے درخواست کی کہ ریاست کو دیئے گئے قرض کی شرح سود میں کمی کی جائے۔ بھٹی وکرامارکا نے مرکز سے زیر التواء مختلف امور پر وزیر فینانس کو یادداشت پیش کی۔ انہوں نے آندھرا پردیش سے زیر التواء برقی بقایا جات کی اجرائی اور ریاست کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے مرکز سے زیر التواء فنڈز کی اجرائی کی درخواست کی۔ نرملا سیتا رامن نے تیقن دیا کہ وہ عنقریب تلنگانہ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے زیر التواء امور کا جائزہ لیں گی۔ بھٹی وکرامارکا نے وزیر فینانس کو تلنگانہ میں عمل کی جارہی اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ حکومت نے کسانوں کی قرض معافی اسکیم پر تین مراحل میں عمل کیا ہے۔1