مرکزی وزیر للن سنگھ کے خلاف ہنمنت راؤ کی پولیس میں شکایت

   

حیدرآباد ۔ 5 ۔نومبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے مرکزی وزیر راجیو گنجن عرف للن سنگھ کے خلاف عنبرپیٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے ۔ انہوں نے اسٹیشن ہاؤز آفیسر کو دی گئی شکایت میں کہا کہ مرکزی وزیر اینمل ہسبنڈری نے بہار میں انتخابی مہم کے دوران کھلے طورپر رائے دہندوں کو دھمکانے کی کوشش کی ہے جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ راجیو گنجن کا ایک ویڈیو سوشیل ویڈیو میں وائرل ہوا ہے جس میں وہ اپوزیشن کے حا میوں کو رائے دہی سے روکنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔ مرکزی وزیر نے جنتادل یونائٹیڈ کے ورکرس کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پہلے مرحلہ کی رائے دہی کے موقع پر اپوزیشن کے قائدین کو گھروں میں قید کردیں۔ مکتوب میں کہا گیا کہ حق رائے دہی ہر شہری کا دستوری حق ہے اور مرکزی وزیر کا بیان دستوری حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ ایک ذمہ داری مرکزی وزیر کو اس طرح کے بیانات سے گریز کرنا چاہئے۔ بہار کے ریٹرننگ آفیسر نے ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد مرکزی وزیر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ ہنمنت راؤ نے عنبرپیٹ پولیس اسٹیشن میں مرکزی وزیر کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی اپیل کی۔1