آزادانہ تجارت کے معاہدہ پر مذاکرات سے اتفاق
نئی دہلی، 20 نومبر (یواین آئی) تجارت اور صنعت کے وزیر پیوش گوئل نے اسرائیل کے تین روزہ سرکاری دورے کے پہلے دن جمعرات کو اسرائیل کے وزیر اقتصادیات و صنعت نیر برکت اور وزیر خزانہ بیزلیل یوئل سموٹریچ سے الگ الگ ملاقات کی اور تجارتی اور اقتصادی تعاون کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ سوشل میڈیا پر برکت کے ساتھ اپنی بات چیت کے بارے میں گوئل نے کہاکہ تل ابیب میں اسرائیل کے وزیر برائے اقتصادیات اور صنعت نیر برکت کے ساتھ دو طرفہ ملاقات ہوئی۔ میٹنگ میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ کس طرح مختلف شعبوں میں دونوں ممالک کی طاقتیں کاروبار کے درمیان تعاون کی راہ ہموار کر سکتی ہیں۔ وزیر خزانہ سموٹریچ کے ساتھ اپنی ملاقات کے بارے میں گوئل نے ایک الگ پوسٹ میں کہاکہ اسرائیل کے وزیر خزانہ سموٹریچ کے ساتھ اچھی ملاقات ہوئی۔ ہم نے ہندوستان اسرائیل تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید وسعت دینے اور نئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس سے پہلے دورے کے ابتدائی طور پر گوئل نے ہندوستان اور میزبان ملک کے صنعت اور کاروباری نمائندوں کے ایک اجلاس سے خطاب کیا۔ اس تقریب میں معیشت اور صنعت کے وزیر برکت نے بھی شرکت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان آزادانہ تجارتی معاہدہ کیلئے مذاکرات سے اتفاق کیا گیا۔ مذاکرات کی تاریخ کا متعاقب اعلان کیا جائے گا۔