مرکزی وزیر کشن ریڈی نے ای این ٹی ہاسپٹل کوٹھی کا دورہ کیا

   

مریضوں سے ملاقات، بلیک فنگس کے انجکشن کی قلت دور کرنے اقدامات
حیدرآباد: مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی نے آج ای این ٹی ہاسپٹل کوٹھی کا دورہ کیا اور بلیک فنگس سے متاثرہ مریضوں کے علاج کی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ کشن ریڈی نے مریضوں سے ملاقات کی اور یقین دلایا کہ حکومت کی جانب سے علاج میں کوئی کسر باقی نہیں رہے گی۔ مریضوں نے ادویات کی کمی اور ٹسٹوں کیلئے ہاسپٹل میں انفراسٹرکچر کی عدم موجودگی کی شکایت کی ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ بلیک فنگس کے کیسیس سابق میں سال میں ایک یا دو منظر عام پر آتے رہے لیکن کورونا وباء کے عروج کے دوران کئی افراد بلیک فنگس سے متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیسیس میں اچانک اضافہ کی وجہ سے علاج کیلئے درکار انجکشن کی قلت پیدا ہوچکی ہے۔ مرکزی و ریاستی حکومت انجکشن اور دیگر ادویات کی قلت کو دورکرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 11 مختلف فارما کمپنیوں کے ذریعہ انجکشن کی تیاری شروع کی گئی ہے۔ 31 مئی تک تین لاکھ سے زائد انجکشن دستیاب رہیں گے۔ کشن ریڈی نے بتایا کہ بیرونی ممالک سے جون کے پہلے ہفتے میں دو لاکھ انجکشن حاصل ہوجائیں گے ۔ مرکز کی جانب سے تلنگانہ کو 5690 انجکشن فراہم کئے گئے ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ہر شخص کو کووڈ قواعد پر سختی سے عمل کرنا چاہئے ۔ بلیک فنگس سے بچاو کے لئے کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کو شوگر لیول پر قابو رکھنا چاہئے ۔ زیادہ تر ایسے مریض ہیں جو کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد شوگر پر قابو نہ رکھ سکے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا مقصد وائرس کے پھیلاؤ کی کڑی کو توڑنا ہے۔ اگر عوام لاک ڈاون کی پابندی نہیں کر یں گے تو پھر کورونا پر قابو پانا ممکن نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ دوسری لہر میں 70 فیصد نوجوان کورونا سے متاثر ہوئے ہیں، لہذا نوجوانوں کو لاپرواہی سے بچنا چاہئے ۔ ہندوستان میں 16 مختلف کمپنیوں کو ویکسین کی تیاری کی اجازت دی گئی ہے جن میں تلنگانہ میں تین کمپنیاں قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسمبر سے قبل ملک کے ہر شہری کو ٹیکہ اندازی کا نشانہ مکمل کرلیا جائے گا ۔