مرکزی وزیر کشن ریڈی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کا چیلنج قبول کرلیا

   

موسیٰ ندی کے علاقہ میں قیام کیلئے تیار، بی جے پی پراجکٹ کے خلاف نہیں بلکہ مکانات کے انہدام کی مخالف، اندرا پارک پر مہا دھرنا
حیدرآباد ۔25۔ اکتوبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر کوئلہ و کانکنی جی کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے خلاف نہیں ہے بلکہ غریبوں کے مکانات کے انہدام کی مخالفت کر رہی ہے۔ کشن ریڈی جو بی جے پی کے ریاستی صدر ہیں، کی قیادت میں آج موسی ریور فرنٹ پراجکٹ کے متاثرین کی تائید میں دھرنا منظم کیا گیا ۔ بی جے پی کے سینئر قائدین نے دھرنے میں حصہ لیتے ہوئے پراجکٹ کے نام پر غریبوں کے مکانات منہدم کرنے کی مخالفت کی۔ کشن ریڈی نے اپنے خطاب میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے چیلنج کو قبول کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ موسیٰ ندی کے حدود میں واقع غریبوں کے مکانات میں قیام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹر پراجکٹ کے بارے میں سنجیدہ ہوں تو وہ موسیٰ ندی کے اطراف کے علاقوں کا دورہ کر کے دکھائیں۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے موسیٰ ندی کی آلودگی کا ذکر کرتے ہوئے اپوزیشن قائدین کو چیلنج کیا تھا کہ وہ اطراف کے مکانات میں قیام کر کے دکھائیں۔ کشن ریڈی نے کہا کہ غریبوں کے مکانات میں قیام کرنے کیلئے تیار ہیں کیونکہ وہ غریبوں کے حق میں جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں میں حوصلہ پیدا کرنے کیلئے بی جے پی نے اندرا پارک پر مہا دھرنا منعقد کیا ۔ اس دھرنے کا مقصد متاثرین کے مطالبہ کی تائید ہے جس میں وہ مکانات کے انہدام کی مخالفت کر رہے ہیں۔ انہوں نے چیف منسٹر سے سوال کیا کہ غریبوں کو بیدخل کرتے ہوئے ایک لاکھ کروڑ قرض حاصل کرنا اور پراجکٹ کی تکمیل کرنا کیا حکومت کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس غریبوں کی بھلائی کا نعرہ لگاتی ہے لیکن موسی ریور پراجکٹ کے نام پر غریبوں کو بے گھر کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے حکومت کو تجویز پیش کی کہ موسیٰ ندی کے دونوں جانب ریٹیننگ وال تعمیر کی جائے۔ موسی پراجکٹ کے متاثرین کے علاوہ بی جے پی ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی نے دھرنے میں شرکت کی ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت کے دس ماہ مکمل ہونے کو ہیں لیکن چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج تک غریبوں کیلئے مکانات کی تعمیر کی اسکیم کا سنگ بنیاد نہیں رکھا ۔ 6 ضمانتوں پر عمل ریونت ریڈی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں موسی ریور ڈیولپمنٹ کے نام پر کارپوریشن قائم کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر غریبوں کے مکانات کو منہدم نہیں کیا گیا تو بی جے پی پراجکٹ کی تکمیل میں تعاون کیلئے تیار ہے۔ 1