حیدرآباد میں امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب کیلئے مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ
حیدرآباد۔/5 ستمبر ، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے آج سینئر کانگریس قائد اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی۔ ہنمنت راؤ کی صحت یابی کے بعد کشن ریڈی کی یہ خیرسگالی ملاقات تھی۔ اس موقع پر دونوں قائدین نے حیدرآباد میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کے مسئلہ پر مشترکہ طور پر مساعی کا فیصلہ کیا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد کے مرکزی مقام پنجہ گٹہ پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کو روک دیا ہے۔ ہنمنت راؤ کی جانب سے لائے گئے مجسمہ کو بلدیہ کی جانب سے نقصان پہنچایا گیا اور جب دوسرا مجسمہ لایا گیا تو اسے پولیس نے ضبط کرلیا جو آج تک پولیس کی تحویل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ ضبط شدہ مجسمہ کو فوری نصب کرے ۔ انہوں نے ہنمنت راؤ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ اس معاملہ میں چیف منسٹر کو مداخلت کرنی چاہیئے۔ کشن ریڈی نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کریں گے اور ضرورت پڑنے پر چیف سکریٹری و ڈائرکٹر جنرل پولیس سے بات چیت کریں گے۔ R